ہوشیار پورپنجاب میں بھیانک سڑک حادثہ | جموں کے ایک ہی خاندان کے4افراد ہلاک

عظمیٰ نیوزسروس

ہوشیار پور//ہفتہ کی صبح ہوشیار پور ضلع کے ٹانڈہ سب ڈویژن میں اڈہ سرن کے قریب ٹویوٹا انووا اور ایک کنٹر کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے چار افراد بشمول ایک چھ سالہ بچی ہلاک ہو گئے۔پولیس نے مقتولین کی شناخت فاروق، اس کے بھائی عارف، بہن نائبو اور بیٹی عرش کے طور پر کی ہے، جو تمام جموں کے رہنے والے ہیں۔ وہ چندی گڑھ جارہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔انووا کا ڈرائیور تارس شدید زخمی ہو گیا اور اسے ٹانڈہ کے سول ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں سے اسے امرتسر ریفر کر دیا گیا۔کینٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔لاشوں کو دسوئہ سول ہسپتال اور رنگی رام چیریٹیبل ہسپتال ٹانڈہ بھیج دیا گیا۔ٹانڈہ سٹیشن ہاؤس آفیسر گرمیت سنگھ نے بتایا کہ پولیس نے کینٹر کو ہماچل پردیش کے بڈی سے ٹریس کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیور کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہرجیت سنگھ نے کہا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔