گندوہ تصادم کے بعد بھدرواہ و بھلیسہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند سرکاری و نجی اداروں میں کام کاج متاثر

File Photo

 انتظامیہ نے افواہوں پر دھیان نہ دینے و فرضی خبریں پھیلانے پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے سنو علاقہ میں ملی ٹینٹوں و سیکورٹی فورسز کے درمیان ہوئی جھڑپ کے بعد بھدرواہ و بھلیسہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس دوسرے روز بھی بند رہا جس کے نتیجے میں سرکاری و غیر سرکاری کام کاج متاثر ہوا۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کو سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ سے تقریباً 7 کلومیٹر کی دوری پر واقع سنو گاؤں کے نزدیکی جنگل میں پولیس و سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر گھیرا بندی کی جس دوران ایک کمین گاہ سے ملی ٹینٹوں نے فائر کھولا اور اس کے بعد 9 گھنٹوں تک دونوں طرف سے شدید گولہ باری ہوئی۔ اس جھڑپ میں تین عدم شناخت جنگجو مارے گئے اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔ مارے گئے جنگجوؤں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کیا ہے جس میں ایم فور رائفلز بھی شامل ہیں۔ ادھر پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر آنند جین نے ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج ،ایس ایس پی ڈوڈہ و راشٹریہ رائفلز کے کمانڈر و دیگر سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں علاقہ کا دورہ کرکے اور امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دیر رات پولیس اسٹیشن گندوہ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں میں بھی 6 سے 7 جنگجو گروپ سرگرم ہیں اور ان کی تلاش کے لئے پولیس و سیکورٹی فورسز مستعددی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے معاونین کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ راشٹریہ رائفلز سیکٹر 9 کے کمانڈر نے اس موقع پر بولتے ہوئے یہ پولیس و فوج کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کے لوگوں کا فوج کو مکمل تعاون حاصل ہے اور اس کی وجہ سے ہی یہ آپریشن بھی کامیاب رہا۔ اس دوران تینوں جنگجوؤں کی تدفین سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ سے کچھ ہی فاصلے پر عمل میں لائی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ میں مزید تلاشی مہم جاری ہے۔ اس دوران امن و اماں کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے بدھ کی شام کو ہی بھدرواہ و گندوہ بھلیسہ موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا۔ جمعرات کی صبح کو گیارہ بجے انٹرنیٹ کو بحال گیا لیکن ایک گھنٹے بعد دوبارہ بند کیا گیا۔ ادھر انتظامیہ نے لوگوں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے و غلط خبریں چلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔