کشمیر میں بڑے سیلاب کے امکانات نہیں ۔ 5 جولائی اور 7جولائی کے درمیان بہت بارشیں ہونگی

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// وادی میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور عام لوگوں کے پسینے چھوٹ رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ کئی روز تک گرمی مزید بڑھے گی اور ہوا میں نمی زیادہ ہونے کے نتیجے میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5 جولائی اور 7 جولائی کے درمیان بہت زیادہ بارش کی پیش گوئی کے درمیان، وسیع پیمانے پر سیلاب کے امکانات نہیں ہیں۔ موسمیاتی ماہر، سونم لوٹس، جو اس وقت لداخ یونین ٹیریٹری میں محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ہیں، نے کہا، ” وادی میں ہلکی سے درمیانی بارش کے امکانات ہیں اور 5 جولائی سے 7 جولائی کے درمیان الگ تھلگ مقامات پر بھاری بارش بھی متوقع ہے۔

 

اس سے کشمیر میں سیلاب کی کوئی بڑی صورتحال پیدا ہونے کا امکان بہت کم ہے تاہم اونچے علاقوں میں سیلاب اور بادل پھٹنے کا امکان ہے۔ دریاں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں عمومی طور پر اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 جولائی اور 7 جولائی کے دوران کوئی بھی چیز تشویشناک نہیں ہے جو مسلسل بھاری بارش کی نشاندہی کرے، جس کے نتیجے میں وادی میں مجموعی طور پر سیلاب کی صورتحال پیدا ہو جائے۔ ڈائریکٹر نے کہا”بارش عام طور پر معمول کی ہوگی، کچھ جگہوں پر موسلا دھار بارشیں ہو گی جس سے فلیش فلڈ اور بادل پھٹنے کے امکانات ہیں۔ لہٰذا وادی کے اونچے علاقوں میں لوگوں کو سیلاب کی عام صورتحال کے بارے میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، “۔جموں ڈویژن کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ جموں خطہ میں بارشیں زیادہ شدید ہوں گی اور ایسے مقامات پر موسلادھار بارشیں ہوں گی جو سیلاب، بادل پھٹنے اور مٹی کے تودے گرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔