کسانوں کی محنت رنگ لائی | پلوامہ کے ’مٹروں‘ کی لندن میں دستک جموں وکشمیر زرعی سیکٹر میں آگے،عالمی شہرت حاصل :مودی

شوکت حمید

سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر نے لندن کومٹر برآمد کرنے کے ساتھ ایک بڑا سنگ میل حاصل کیا ہے۔اپنے ماہانہ ’من کی بات‘ ریڈیو پروگرام میں بات کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر نے ایک بڑا سنگ میل حاصل کیا جب گزشتہ ماہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے چکورہ گائوںسے مٹروں کی پہلی کھیپ لندن بھیجی گئی۔وزیر اعظم نے پروگرام کے دوران کہا کہ “جموں و کشمیر نے پچھلے مہینے جو کچھ حاصل کیا وہ پورے ملک کے لوگوں کے لیے ایک مثال ہے‘‘۔ چکورہ کے عبدالرشید میر سب سے پہلے اس کے لیے آگے آئے۔ انہوںنے علاقہ کے دوسرے کسانوں کی زمینیں اکٹھا کر کے مٹر اگانے شروع کر دئے اورپھر اس کی بھر پور فصل تیار ہوئی جس کے بعد کشمیر سے snow pea( مٹرکی ایک قسم) لندن پہنچنے لگے۔ من کی بات میں وزیر اعظم نے جموں و کشمیر سے لندن کو برف کے مٹر کی برآمد کی ستائش کی۔وزیر اعظم کے اس تبصرے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے X (سابقہ ٹویٹر) پر خوردنی انواع کی تصویر کے ساتھ پوسٹ کیے تھے۔من کی بات پروگرام میں مودی نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے سرینگر میں ’’یوگا ‘‘ ڈے کے سلسلے میں یوگا تقریب میں شرکت کی جس میں وہاں پر موجود بہنوں اور ماتائوں نے ہمیں دعائیں دیں۔ انہوں نے کہا یہاں کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ کیوں نہ کشمیر میں اگائی جانے والی سبزیوں کو دنیا کے نقشے پر لایا جائے۔جموں و کشمیر کے لوگ بھی مقامی مصنوعات کو عالمی بنانے میں پیچھے نہیں ہیں۔ عبدالرشید میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’برف کا مٹر ایک خوردنی پھلی کا مٹر ہے جس میں چپٹی پھلی اور پتلی پھلی کی دیواریں ہوتی ہیں۔ اسے بیج اور پھلی دونوں کے ساتھ پورا کھایا جاتا ہے جبکہ یہ کچا ہوتا ہے‘‘۔انہوں نے بتایا ’’محکمہ زراعت کی سکیم کی بدولت انہیں یہ کامیابی ملی ‘‘۔انہوں نے بتایا ’’میں نے اکتوبر کے مہینے میں چکورہ اور اس کے آس پاس دیہات جن میں قوئل ،یاڈر ،چند گام وغیر شامل ہیں ،کے کچھ کسانوں کو اس طرف مائل کیا اور پھر55کنال اراضی پرsnow peasکی کھیتی کی جس کی پھر پور فصل ہوئی‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ لندن میں اس مٹر کو کشمیر کا TAGلگا اور وہاں لوگوں نے اسے پسند بھی کیا ۔انہوں نے بتایا ’’5ٹن مٹر کی فصل ہوئی اور پھر اس کی گریڈنگ کی گئی اور معیاری مٹروں کو لندن بھیج دیا گیا ۔ناظم زراعت نے عبدالرشید میر اور دیگر کاشتکاروں کو مبارکباد دی ہے ۔ادھر سول سوسائٹی پلوامہ کے فعال رکن لطیف سیف اللہ نے بھی چکورہ اور دیگر دیہات کے کسانوں کو اس کامیابی پر مبارک باد یتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو زرعی سرگرمیوں کی طرف توجہ دیکر اپنا روز گار حاصل کرنا چاہئے ۔