کانگریس کے کھودے گڑھوں کوبھرنے میں5برس لگے | 140کروڑلوگوں کااعتمادجیتنے پر توجہ مرکوز بھارت کو سپر پاور بنانے کے لیے خدائی طاقت مجھ سے کام لے رہی ہے: وزیراعظم مودی

عظمیٰ نیوزڈیسک

نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر تیلگو اخبار ‘ایناڈو’ کو خصوصی انٹرویو میں اپنے 10 سال کے دور حکومت کی کامیابیوں، عوام کے مفاد میں کیے گئے کام، رام مندر، آرٹیکل 370، خواتین کے ریزرویشن، ترقی یافتہ بھارت سمیت مختلف مسائل پر بات کی۔جاری لوک سبھا انتخابات میں اپنی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ وہ تیسری بار اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلے 100 دنوں کے اندر کون سے منصوبے شروع کرنے ہیں اس کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔7 مئی کو ہونے والے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے سے پہلے ایناڈو کے ایڈیٹر ایم ناگیشور راؤ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں، وزیراعظم نے کہا کہ ان کی توجہ ملک کے 140 کروڑ لوگوں کا اعتماد جیتنا ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ ابتدائی پانچ سالوں میں انہیں کانگریس حکومت کی طرف سے کھودے گئے گڑھوں کو بھرنے میں صرف کرنا اور پھر اس کے بعد ملک کو عالمی پلیٹ فارم پر قائم کرنے کی طرف بڑھنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کا وقت ہے اور لوگوں کو دنیا پر حکومت کرنے کا موقع نہیں گنوانا چاہئے۔وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہا کہ میں 140 کروڑ بھارتیوں کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے کے لیے ایک ذمہ دار عہدے پر ہوں، جسے میں خدا کی طرف سے ایک نعمت سمجھتا ہوں۔ کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی خدائی طاقت میرے ذریعے بھارت کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مدد کر رہی ہے اور یہی احساس مجھے زیادہ توجہ اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب بھی دیتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے 25 کروڑ لوگ خط افلاس سے اوپر اٹھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ڈائریکٹ کیش ٹرانسفر سسٹم کو لاگو کرکے، ہم سرکاری اسکیموں کا فائدہ مستحقین تک پہنچانے میں 3.5 لاکھ کروڑ روپے کی بدعنوانی کو ختم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔پی ایم مودی نے کہا کہ جب ہم نے ڈیجیٹل ادائیگی کی بات کی تو ہمارا مذاق اڑایا گیا، لیکن آج بھارت ڈیجیٹل کی دنیا میں حکمرانی کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔انٹرویو میں وزیر اعظم مودی نے رام مندر، آرٹیکل 370، خواتین کے ریزرویشن اور دیگر مسائل پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ہٹانے اور خواتین ریزرویشن بل کو منظوری دی۔ ہم اس ملک کے قانون کے تحت شری رام چندر پربھو کے مندر کو واپس لانے میں کامیاب ہوئے۔پی ایم مودی نے کہا کہ ہم 2047 تک ملک کی آزادی کی صد سالہ تقریبات کے ذریعے بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے منصوبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ تیسری بار اقتدار میں آنے کے بعد ہم پہلے 100 دنوں میں اس پر کام بھی شروع کر دیں گے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ میں ان چند وزراء اعظم میں سے ایک ہوں جن کے پاس بطور وزیراعلیٰ کا وسیع تجربہ ہے۔ اس لیے میں ریاستوں کے تحفظات کو بھی سمجھتا ہوں۔