ڈوڈہ میں کمسن بچہ | سائیکل حادثے میں جاںبحق

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں ایک دلدوز سڑک حادثہ میں 14 سالہ کمسن بچہ جاں بحق ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صبح گیارہ بجے کے قریب ڈوڈہ کے حنمبل شڑوا گاؤں میں ایک چودہ سالہ لڑکا سائیکل پر سوار ہوا اور اپنے گھر سے کچھ ہی فاصلے پر کھاکن نالہ میں جا گرا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوا۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور اسے کھائی سے نکال کر نزدیکی ہیلتھ سنیٹر میں بھرتی کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس کی شناخت انوج کمار (14)ولد سروپ چند سکنہ شڑوا کھیلینی کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ادھر ایک اور واقعہ میں پولیس و مقامی لوگوں نے ڈوڈہ ضلع کے نیرو نالہ میں پھنسے ایک 13 سالہ لڑکے کو بچا لیا ہے. اطلاعات کے مطابق شاہجہاں ولد محمد حسین ساکنہ بھالہ مال مویشیوں کے ساتھ تھا جس دوران وہ نیرو نالہ میں پھنس گیا تاہم مقامی لوگوں و پولیس کی بروقت کارروائی میں اسے زندہ بچایا گیا۔