ڈرون سے اسلحہ پھینکنے کی کارروائیاں این آئی اے کے چھاپے، فائرنگ میں ملی ٹینٹ مارا گیا، پولیس اہلکار زخمی

نیوز ڈیسک

جموں// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کو جموں، کٹھوعہ، سانبہ اور ڈوڈہ میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے جس میں پاکستان کے ذریعے کنٹرول کیے گئے ڈرونز کے ذریعے گرائے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی بین الاقوامی سرحد پر ریکوری کی گئی۔این آئی اے اہلکاروں کو ڈرون گرانے کے معاملے کے اہم ملزم فیصل منیر کی رہائش گاہ پر دیکھا گیا، جسے گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔جموں و کشمیر پولیس نے حالیہ مہینوں میں ڈرون کیس میں کئی گرفتاریاں کی ہیں۔بدھ کی صبح، جموں و کشمیر پولیس نے بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع جموں کے ٹوف گاؤں میں پاکستانی ڈرون کے ذریعے گرائے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی ایک کھیپ برآمد کی۔پولیس کے مطابق اس سال 24 فروری کو ارنیا تھانے میں پاکستانی ڈرون سے گرائے گئے اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی کے حوالے سے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

 

جموں سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم نے انکشاف کیا تھا کہ ایک پاکستانی قیدی/ہینڈلر محمد علی حسین عرف قاسم نے پاکستان کے زیر کنٹرول ڈرونز کے ذریعے اسلحہ اور گولہ بارود گرانے میں اہم کردار ادا کیاہے اور وہ لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) اور البدر کا اہم کارندہ ہے۔اس کے بعد اسے جیل سے پیشی پر عدالت میں پیش کیا گیا اور بعد ازاں پولیس ریمانڈ لیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ مسلسل پوچھ گچھ کے دوران، ملزم نے ارنیا ہتھیار گرانے کے کیس میں اپنے کردار کا اعتراف کیا اور دو مقامات کا بھی انکشاف کیا جہاں پاکستان کے زیر کنٹرول ڈرونز کے ذریعے گرائے گئے اسلحہ اور گولہ بارود کو چھپایا گیا تھا۔اسلحہ برآمد کرنے کے لیے پولیس کی ایک ٹیم متعلقہ مجسٹریٹ کے ہمراہ جائے وقوعہ پر گئی۔ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) مکیش سنگھ نے کہا، “اگرچہ پہلے مقام پر کوئی بازیابی نہیں ہوئی لیکن پھلیان منڈل علاقے کے ٹوف گاؤں (بین الاقوامی سرحد کے قریب) میں دوسرے مقام پر اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ایک پیکٹ برآمد ہوا ۔ جب پیکٹ کھولا جا رہا تھا تو ملزم نے ایک پولیس اہلکار پر حملہ کر دیا اور اس کی سروس رائفل چھین لی۔ اس نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔”جوابی کارروائی میں، ملزم زخمی ہوا اور اسے ایک زخمی پولیس اہلکار کے ساتھ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔ زخمی دہشت گرد بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔اس کے بعد گرائے گئے پیکٹ کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے چھان بین کی گئی۔ پیکٹ سے ایک اے کے رائفل، میگزین، 40 اے کے راؤنڈ، ایک سٹار پستول، پستول کے راؤنڈز اور چینی چھوٹے دستی بم برآمد ہوئے۔