چیف انجینئر شمالی کشمیر انجینئرنگ گزیٹیڈ سروس میں شامل

 بلال فرقانی

سرینگر// حکومت نے محکمہ تعمیرات عامہ کے انچارج چیف انجینئر شمالی کشمیر سنجیو کمار گپتا کی خدمات کو مستقل قرار دیتے ہوئے سیول اور میکنیکل شعبوں میں ایک سبکدوش سپر انٹنڈنٹ انجینئر سمیت کئی انجینئروں کی ترقیاں اور تبادلے عمل میں لائے گئے۔محکمہ تعمیرات عامہ کے انتظامی سیکریٹری بھوپندر کمار نے بتایا کہ حکومت کے احکامات سے انچارج چیف انجینئر شمالی کشمیر سنجیو کمار گپتا کی خدمات کو جموں کشمیر سیول سروس(عارضی سروس) ضوابط 3مجریہ1961کے تحت جموں کشمیر انجینئرنگ(گزیٹیڈ) سروس میں مستقلی کو منظوری دی۔انتظامی سیکریٹری نے کہا کہ محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی اور جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن کی سفارشات پر انچارج سپر انٹنڈنٹ انجینئر(ر) انجینئر دھرم پال کو سبکدوشی کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ میں سپر انٹنڈنٹ انجینئر کے طور پر ترقی دی گئی۔ اس ترقی کا اطلاق فروری2020سے ہوگا۔اس دوران محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ محمد اقبال کو محکمہ کی جانب سے پائیدار ترقیاتی گروپوں کو بجٹ کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے نوڈل افسر نامزد کیا گیا۔ محکمہ نے3انجینئروں کو اپنی ہی تنخواہ اور گریڈ پر آئندہ6ماہ یا جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن و محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی کی سفارشات پر ان اسامیوں کو مستقل بنیادوں پر پُر نہیں کیا جاتا،آئندہ درجے پر ترقی دی گئی۔

 

ان انجینئروں میں رمیش کمار،کمل ناتھ اور سنجے بزاز شامل ہیں۔ ان احکامات کے تحت انجینئر سریش گپتا،انجینئر امرجیت سنگھ، انجینئر دلجیت سنگھ،انجینئر میر عرفان مظفر اور انجینئر حکیم ناصر حسین کو انچارج ایگزیکٹو انجینئر(میکنیکل) کے طور پر تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ آرڈر میں تاہم کہا گیا کہ مذکورہ انجینئر عہدوں پر مستقل ترقیاتی کا دعویٰ نہیں کرسکتے بلکہ ان اسامیوں کو سختی کے ساتھ جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن اور محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی کی سفارشات پر پُر کئے جائیں گے۔اس تناظر میں محکمہ میں8انجینئروں کے تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔ محکمہ جل شکتی کے ایگزیکٹو انجینئر رمیش کمار کی خدمات کو متعلقہ محکمہ کے ماتحت رکھے گئے جبکہ کمل ناتھ کو میکنیکل و ہسپتال سرکل جموں اور ایگزیکٹو انجینئر جل شکتی سنجے بزاز کو میکنیکل اینڈ ہسپتال سرکل کشمیر میں تبادلہ کیا گیا ۔ حکم نامہ کے مطابق محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر پریش گپتا کی خدمات مزید تقرری کیلئے متعلقہ محکمہ کے ماتحت رکھی گئی ہیں جبکہ جل شکتی محکمہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر امر پریت سنگھ کو میکنیکل و ہسپتال سرکل کھٹوعہ،محکمہ محکمہ تعمیرات عامہ کے سپر انٹنڈنٹ انجینئر بارہمولہ کے دفتر میں تعینات ا سسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر دلجیت سنگھ کو میکنیکل و ہسپتال ڈویژن ادھمپور،میکنیکل و ہسپتال ڈویژن ہندوارہ کے ا سسٹنٹ ایگزیکٹیوانجینئر میر عرفان مظفر کو تبدیل کرکے انکی خدمات کو محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر وسطی کشمیر کے ماتحت رکھا گیا۔ صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ کے ایگزیکیٹو انجینئر کے ٹیکنیکل افسر حکیم نا صر حسین کی خدمات کو مزید تقرری کیلئے محکمہ بجلی کے ماتحت رکھا گیا۔