چیف الیکٹورل آفیسرکی تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں سے ملاقات انتخابی فہرستوں کی جاری خصوصی سمری رویژن کا تفصیلی جائزہ لیا

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر پی کے پولے نے فوٹو انتخابی فہرستوں کی جاری خصوصی سمری رویژن کے سلسلے میں جموںوکشمیر یوٹی کی مختلف تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ جموں کے نِرواچن بھون میں ایک میٹنگ طلب کی۔سیاسی جماعتوں کو پولنگ سٹیشنوں کی معقولیت، لوکیشن کی تبدیلی، پولنگ سٹیشنوں میں اے ایم ایف اور متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں فارم 6، فارم 7 اور فارم 8 کے ذریعے رول اَپ ڈیٹ کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ فارم 6 خصوصی طور پر نئے رائے دہندگان کے اِندراج کے لئے ہے، فارم 6 اے بیرون ملک رائے دہندگان کی جانب سے ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کے لئے ہے، فارم 6 بی موجودہ رائے دہندگان کی طرف سے آدھار نمبر حاصل کرنے کے لئے ہے جبکہ فارم 7 موجودہ اِنتخابی فہرست میں نام شامل کرنے یا حذف کرنے پر اعتراض کے لئے ہے۔ اِسی طرح فارم 8 اِنتخابی فہرست میں اصلاح، رہائش گاہ کی منتقلی (حلقہ کے اندر یا باہر)، ای پی آئی سی کو تبدیل کرنے اورجسمانی طور خاص فردکی نشان دہی کے لئے ہے۔چیف الیکٹورل آفیسر نے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اِنتخابی فہرستوں کی پیوریٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے ان سے تعاون کی درخواست کی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہری نیشنل ووٹرز سروس پورٹل پر لاگ اِن کرکے اَپنی اِنتخابی تفصیلات کی تصدیق اور تبدیلی و اصلاح کرسکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ رجسٹرڈ رائے دہندگان کو بھی اَپنے اِندراج کی سٹیٹس کی جانچ کرنی چاہیے۔پی کے پولے نے پورے عمل کی شفافیت کو اُجاگر کرتے ہوئے سمری رویژن کی مضبوطی پر زور دیا۔ اُنہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جموںوکشمیر یوٹی کے لئے ایک درست اور تازہ ترین اِنتخابی فہرست تیار کی جاسکے۔رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ اسی طرح کی میٹنگ الگ سے منعقد کی جائے گی۔