چنڈک منڈی سڑک کی حالت خستہ | سڑک پر روزانہ سفر کرنے والے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کے چنڈک سے منڈی جانے والی سڑک کی حالت گزشتہ ایک برس سے ابتر ہے جس کی وجہ سے اس سڑک پر روزانہ سفر کرنے والے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق دو برس قبل چنڈک منڈی گیارہ کلو میٹر سڑک پر دونوں اطراف سے کشادگی کا کام کیا گیا تھا جس کے بعد اگر چہ سڑک پر سرکاری کی جانب سے تارکول بچھایا گیا تھا مگر وہ تارکول کچھ ہی عرصہ بعد سڑک سے اکھڑ کر سڑک کو بڑے بڑے کھڈوں میں تبدیل کر گیا ۔اس سڑک پر روزانہ سفر کرنے والے لوگوں نے کہا ہے کہ ایک سال قبل سڑک پر غیر معیاری تارکول بچھایا گیا جو کچھ ہی مہینوں میںاکھڑگیا ،اس وقت اس گیارہ کلو میٹر سڑک کی حالت اتنی ابتر ہے اور آدھے گھنٹے کا سفر کرنے میں لوگوں کو ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ لگتا ہے ۔اس سڑک پر سفر کرنے والے ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ اس سڑک سے سفر کرتے ہیں اور انہوں نے قرضہ لے کر گاڑیاں خریدی ہیں جو وقت سے پہلے ہی پرانی ہو گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس گیارہ کلو میٹر سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ انہیں بھی کافی پریشانی اٹھانی پڑتی ہے۔منڈی چنڈک سڑک پر سفر کرنے والے لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس سڑک کی خستہ حالت کو بہتر بنایا جائے اور اس سڑک پر تارکول بچھایا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔