پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم پونچھ وراجوری ظفر اقبال منہاس کی حمایت میں کہا احسان کا بدلہ احسان سے چکانا ہے،بھاجپا کے کہنے پرووٹ دینا ہے

حسین محتشم

پونچھ+راجوری//سرحدی ضلع پونچھ میں پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم پونچھ کے بینرتلے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میںایڈوکیٹ آفتاب گنائی، ایڈوکیٹ افتخار علی بزمی و ایڈوکیٹ سنجیو کمار نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ فورم راجوری اننت ناگ پارلیمانی حلقہ سے جموں کشمیر اپنی پارٹی کے امیدوار ظفر اقبال منہاس کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی جماعت کی اعلیٰ قیادت چونکہ اسی جماعت کی حمایت کررہی ہے اسلئے ان کی فورم نے احسان کا بدلہ احسان سے دینے کے لئے یہ فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑی طبقہ کا دیرینہ مطالبہ بی جے پی جماعت نے انہیں ایس ٹی کا درجہ دیکر پورا کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی و وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انکے اس احسان کا بدلہ ووٹ سے دیں گے اور بی جے پی نے اپنا کوئی امیدوار تو کھڑا نہیں کیا لیکن جموں کشمیر بی جے پی کی اکائی نے جموں کشمیر اپنی پارٹی کی حمایت کا فیصلہ لیا ہے اور پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم پونچھ ظفر اقبال منہاس کی حمایت کا اعلان کرتا ہے اور پونچھ راجوری کے پہاڑی طبقہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی جموں کشمیر اپنی پارٹی کے راجوری اننت ناگ پارلیمانی حلقہ سے امیدوار ظفر اقبال منہاس کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔ادھرراجوری میں پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کے عہدیداروں نے اننت ناگ راجوری پارلیمانی سیٹ سے جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے امیدوار کی کھلی حمایت کا اعلان کیا ہے اور پہاڑی نسل کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان کے حق میں ووٹ دیں تاکہ مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کریں۔ فورم کے ایگزیکٹو ممبر احسان مرزا سمیت دیگر عہدیداروں نے راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں انہوں نے پہاڑی نسلی قبیلے کو شیڈول ٹرائب کا درجہ دینے کا ذکر کیا جو لوگوں کا دہائیوں پرانا مطالبہ تھا۔انکاکہناتھا’’ہم نے اس حق کے لیے سخت جدوجہد کی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی موجودہ حکومت نے ہمارا مطالبہ پورا کر دیا جس کے لیے ہم پارٹی کے مقروض ہیں۔ پہاڑی نسل کے تمام لوگوں نے بی جے پی کے امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن پارٹی نے کسی کو بھی سیٹ سے کھڑا نہیں کیا اور اب جموں و کشمیر اپنی پارٹی کی حمایت کی ہے‘‘۔مرزا نے کہا’’ہم یہاں اعلان کرتے ہیں کہ ہم اپنی حمایت کے ساتھ ساتھ ظفر اقبال خان منہاس کو ووٹ دیں گے جو جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے امیدوار ہیں‘‘۔ مرزا نے مزید کہا کہ اس قبیلے کے ہر فرد کو منہاس کے حق میں ووٹ دینا چاہیے جو پہاڑی نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔

نیشنل کانفرنس کو ہرانا ہمارا مقصد، پہاڑی محبوبہ مفتی کو ووٹ دیں
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کی طرف سے جموں و کشمیر اپنی پارٹی کی حمایت کا اعلان کرنے والی پریس کانفرنس کے بعد کچھ مقامی پہاڑی نوجوانوں نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈروں کے ہمراہ کہا کہ نیشنل کانفرنس کو شکست دینا ان کا مقصد ہے جس کے لیے پہاڑیوں کو پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی کے حق میں ووٹ دینا چاہیے۔انضمام خان، آصف بٹ سمیت دیگر مقامی پہاڑی نوجوانوں اور پی ڈی پی لیڈروں نے راجوری میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو شکست دینا ان کا مقصد ہے کیونکہ پارٹی اور خاص طور پر اس حلقے سے امیدوار نے پچھلے انتخابات میں پہاڑی لیڈروں کے خلاف مہم چلائی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پہاڑی قبیلے کے کچھ رہنما جموں و کشمیر اپنی پارٹی کی حمایت کر رہے ہیں لیکن ان کی حمایت کے دعوے کھوکھلے ہیں اور قبیلے کے لوگ اپنی مرضی سے ووٹ دیں گے۔انکاکہناتھا”ہم پہاڑی نسل کے ہر فرد سے درخواست اور اپیل کرتے ہیں کہ وہ محبوبہ مفتی کو ووٹ دیں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ پہاڑی لوگوں کے حقوق کی وکالت کی ہے اور جب وہ وزیر اعلیٰ تھیں تو چار فیصد ریزرویشن کا اعلان کر کے انصاف دیا ہے‘‘۔

جھوٹ، نفرت پھیلانےکیلئے این سی، پی ڈی پی کو مسترد کریں
وبود کی ووٹروں سے این سی، پی ڈی پی کے فریب پر مبنی بیانیے کو شکست دینے کی اپیل
عظمیٰ نیوزسروس
راجوری// بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری وبود گپتا نے راجوری کے ڈانگری میں ایک پرجوش عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔انہوںنے راجوری-پونچھ-اننت ناگ پارلیمانی حلقہ میں این سی، کانگریس اور پی ڈی پی کے اقتدار کے بھوکے سیاسی لیڈروں کے فریب کارانہ بیانیے کو مسترد کرنے کے لیے ووٹروں کو ریلی نکالی۔ اپنے خطاب میں گپتا نے بعض سیاسی شخصیات کے دوغلے پن پر روشنی ڈالی جو ان کے مطابق ایک آواز کشمیر میں اور دوسری دہلی میں بولتے تھے جب یہ لیڈر اقتدار کے مزے لوٹ رہے تھے۔حزب اختلاف کی سیاسی پارٹیوں پرتنقید کرتے ہوئےوبود نے ان لیڈروں کے حقیقی ارادوں کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا، ووٹروں سے ان کے سیاسی انداز کو دیکھنے اور انہیں ان کے اعمال کے لیے جوابدہ ٹھہرانے کی تاکید کی۔ گپتا نے ریمارکس دیے کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو راجوری اننت ناگ پارلیمانی سیٹ کے ووٹروں کو جھوٹ اور نفرت پھیلانے کے لیے مسترد کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیڈر دہلی میں امن اور مفاہمت کی بات کر کے لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں اور کشمیر میں رہتے ہوئے وہ تفرقہ انگیز ایجنڈوں کو آگے بڑھاتے ہیں اور اپنے ذاتی مفادات کے لیے نوجوانوں کو علیحدگی کی طرف دھکیلتے ہیں۔وبود نے راجوری، پونچھ اور اننت ناگ کے رائے دہندگان سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے دوغلے لیڈروں کو شکست دینے کے لیے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں اور ایسے حقیقی شخص کے لیے راہ ہموار کریں جو ذاتی فائدے سے بڑھ کر علاقے کی فلاح و بہبود اور ترقی کو ترجیح دیتے ہیں۔ علاقے کے روشن مستقبل کی امید کرتے ہوئے وبود نے کہا کہ راجوری، پونچھ اور اننت ناگ کے لوگ ایسے لیڈروں کے مستحق ہیں جو نہ صرف انتخابی موسم کے دوران بلکہ چوبیس گھنٹے ان کی بھلائی کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم این سی اورپی ڈ ی پی کے خلاف متحد ہو جائیں جنہوں نے اپنے سیاسی عزائم کے لیے ہمارے اعتماد کا استحصال کیا۔