پونچھ قلعہ کا تجدیدی کام غیر معیاری ہونے کا الزام

 محتشم

پونچھ// حال ہی میں تجاوزات سے پاک گئے گئے پونچھ قلعہ کی چار دیواری اور دیگر تعمیراتی کاموں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہےتاہم تعمیراتی کاموں کے غیر معیاری ہونے کا بھی الزام لگایا جا رہا ہے۔ صدر سماج سیوا سوسائٹی پونچھ یوگل کشور شرما نے اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ چند ماہ قبل پونچھ قلعہ کے قریب مقبوضہ زمین کو واگزار کرایا گیا تھا۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر یاسین محمد چوہدری کی قیادت میں قلعہ کے قریب بنائے گئے ڈھانچوں کے انہدام کے بعد وہاں کچھ تعمیراتی کام کی پہل کی گئی ہے جو لائق ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر کو مبارکباد دیتے ہیں کہ وہ بہت اچھے کام کر رہے ہیں تاہم تعمیراتی کام بالکل غیر معیاری ہو رہے ہیں جن کی انکوائری کرنا لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر کافی افسوس ہوا کہ کئے گئے کام کا معیار انتہائی پست ہےکیونکہ پلستر بہت پتلا کیا جارہاہے۔ استعمال شدہ مواد کا معیار بھی نشان کے مطابق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح کرپشن ہے ٹھیکیدار اپنے کام کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور ایل جی جموں و کشمیر کی توجہ مبذول کراتے ہوئے اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تعمیراتی کام کی کوالٹی کا جائزہ لیا جائے گااور غیر معیاری کام کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کاروائی کر کے اس کا کا لائسنس اور ٹھیکہ ضبط کیا جائےگا۔