پوست کی کاشتکاری کا معاملہ | ٹھاٹھری تھانہ میں ایف آئی آر درج، فصل کو تباہ کیا گیا

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //منشیات مخالف مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے ٹھاٹھری کے فیگسو میں پوست کی فصل کو تباہ کرکے کاشتکار کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مصدقہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او ٹھاٹھری سریش کمار کی قیادت میں پولیس ٹیم نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے ہمراہ فیگسو کے رنگولہ گاؤں میں قطب الدین ولد عبدالسبحان و ذاکر حسین ولد اسداللہ کی زمین سے پوست کی فصل کو تباہ کرکے وہاں موجود پودوں کو ضبط کیا۔اس ضمن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ٹھاٹھری پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر زیر نمبری 24/2024 درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ضلع پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منشیات فروشوں، مال مویشیوں کی اسمگلنگ ،پوست کی کاشت و دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس نے ضلع بھر میں وسیع پیمانے پر مہم شروع کی ہے اور اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے عوام سے مکمل تعاون طلب کیا ہے۔