پنچایت کنڈردھان میں بجلی ٹرانسفارمر زمین پر نصب گردونواح کے لوگ خوف کے سایہ تلے،حادثہ کا احتمال

محمد بشارت
کوٹرنکہ//ضلع ریاسی کے بلاک چسانہ کی پنچایت حلقہ کنڈردھان اے کی وارڈ نمبر 6میں قائم 63کے وی کا ٹرانسفارمرزمین پر نصب ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی خوف کے سایہ تلے زندگی بسر کر رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ اس علاقہ کی بد قسمتی ہے کہ عوام کو سیاسی لوگوں نےبے وقوف بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر کے گردونواح میں رہایشی مکان ہیں اور کھیتی باڑی کے دوران بھی ہمیں خطرہ لاحق رہتا ہے اور بچے دن بھر کھیلتے رہتے ہیں جس سے کسی بھی وقت یہ ٹرانسفارمر متعدد گھروں کے چراغ کوگل کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے آفیسران و فیلڈ عملہ کو ہزار بار بتایا، اسکے باوجود بھی کوئی اثر نہ ہوا۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرریاسی سے پر زور مطالبہ کرتے ہوے کہا کہ جان لیوا حادثہ ہونے سے قبل ہی اس ٹرانسفارمر کو محفوظ جگہ نصب کیا جائے یا اسکو محفوظ کیا جائےتاکہ کوئی جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔