پرنوٹ رام بن میں زمین دھنسنے کا سلسلہ جاری،100خاندان محفوظ مقامات پر منتقل رام بن گول سڑک مسلسل چوتھے دن بھی بند ، جیولوجیکل سروے آف انڈیا کی ٹیم کا علاقے کا دورہ

ایم ایم پرویز

رام بن//رام بن کے پرنوٹ علاقے میں اتوار کو مسلسل چوتھے دن زمین دھنسنے کا سلسلہ جاری رہا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رام بن کے پرنوٹ پنچایت اے میں زمین کے مسلسل دھنسنے کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر رام بن گول روڈ کے ساتھ ساتھ اوپر اور نیچے کی بستیوں کے نیمناڈ پرنوٹ اور تلگا وارڈ کے تمام باشندوں کو ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ رام بن نے محلہ نیم ناڈاور تلگا کو کسی بھی رہائش اور نقل و حرکت کے لیے غیر محفوظ قرار دیا ہے لہٰذا ان محلوں کے مکینوں کے ساتھ ساتھ ہر خاص و عام کو مطلع کیا گیاکہ جب تک ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی اور حکم جاری نہیں ہوتا ان علاقوں میں نہ جائیں۔حکم نامہ کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ زمین کے دھنسنے کا سلسلہ جاری ہے، کل 100 خاندانوں کو ان کے مویشیوں کے ساتھ احتیاطی تدابیر کے طور پر اب تک پرنوٹ کے زمینی دھنسنے والے متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا ہے اورانہیں کمیونٹی ہال، پنچایت گھر، محلوں میں عارضی طور پر رکھا گیا تھا۔جمعرات کی شام رام بن گول روڈ پر کلومیٹر 5پر زمین دھنسنے کی وجہ سے رام بن گول روڈ بلاک ہو گیا تھا اور کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی تھی کیونکہ 33کے وی کا رسیونگ سٹیشن، تین سے چار ایچ ٹی ٹاور اور پانچ درجن مکانات گر گئے تھے۔ رام بن کے پرنوٹ علاقے میں مسلسل زمین دھنسنے کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔یہ علاقہ سست رفتاری سے مسلسل دھنس رہا ہے اور تمام زرعی زمین تباہ ہو گئی تھی جبکہ بڑی تعداد میں دیودار کے درخت جڑ سے اکھڑ گئے تھے۔جیولوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین متاثرہ علاقے کا سروے کر رہے ہیں اور زمین دھنس جانے کی وجہ جاننے کے لیے کام کر رہے ہیں۔متعلقہ حکام پرنوٹ رام بن میں زمین دھنسنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔دوسری طرف رام بن گول روڈ کو برقرار رکھتے ہوئے جی آر ای ایف کے افسران نے بتایا کہ پرنوٹ علاقے میں سڑک کے 1کلومیٹر سے زیادہ حصے میں مسلسل زمین دھنسنے کی وجہ سے سڑک کی بحالی کا کام ابھی تک شروع نہیں ہوسکا ہے۔ادھرایکس پر ڈپٹی کمشنر بشیر الحق چودھری نے ٹویٹ کیا کہ ’’ گاؤں پرنوٹ میں زمین دھنسنے کی وجہ سے نیمناڈ اور تلگا وارڈز دھنس گئے ہیں۔ رہائشی خطرے میں ہیں۔تحصیلدار رام بن کو ڈپٹی کمشنر رامبن بصیر الحق چودھری نے انہیں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ براہ کرم اپنی حفاظت کے لیے اس انتباہ پر دھیان دیں‘‘۔