پارلیمانی انتخابات ۔ 94سیٹوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری

 یو این آئی

نئی دہلی// الیکشن کمیشن نے آج لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 94 سیٹوں پر انتخابی عمل کو مکمل کرانے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا۔عام انتخابات 2024 کے لیے 16 مارچ کو جاری کردہ پروگرام کے مطابق تیسرے مرحلے کی ووٹنگ 7 مئی کو ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ 7 مئی کو ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق تیسرے مرحلے میں 7 مئی 2024 کو 12 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 94 پارلیمانی حلقوں اور مدھیہ پردیش میں بیتول پارلیمانی حلقہ کے ملتوی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے تمام نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی کا عمل آج ہو گا اور کاغذات نامزدگی 19 اپریل تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔کاغذات کی جانچ پڑتال 20 تاریخ کو ہو گی اور 22 تاریخ تک نام واپس لیے جا سکیں گے ۔ادھر الیکشن کمیشن نے انتخابی مبصرین کے ساتھ عام انتخابات-24 کے پہلے مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور دو الیکشن کمشنروں گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو نے آن لائن ایک میٹنگ میں ملک بھر کے 350 سے زیادہ انتخابی مبصرین کے ساتھ بات چیت کی۔اس پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل سات مرحلوں میں 19 اپریل کو ووٹنگ ہو گی۔ پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں کے 102 پارلیمانی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 127 جنرل مشاہدین، 67 پولیس مشاہدین اور اخراجات سے متعلق 167 مشاہدین تعینات کیے ہیں۔