ٹنگمرگ میں اضافی بجلی بلیں موصول صارفین کا محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

 مشتاق الحسن

ٹنگمرگ //ٹنگمرگ اور کنزر میں صارفین کو اضافی بجلی بلیںموصول ہونے کے خلاف لوگوں نے پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ٹنگمرگ قصبہ جمعرات کواس وقت نعروں سے گونج اٹھا جب ڈسڑکٹ ڈیولپمنٹ کونسلر ٹنگمرگ ایڈوکیٹ میر تجمل اشفاق کی قیادت میں ایک احتجاجی جلوس نکلا گیا جس میں ڈسڑکٹ ڈیولپمنٹ کونسلر کنزر شیخ نذیر احمد،سابق بلاک ڈیولپمنٹ کونسلر مرزا بیگ افتاب کے علاوہ سینکڑوں لوگوں نے مئی کی بجلی بلوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف احتجاج کیاگیا اور محکمہ بجلی کے دفتر تک جلوس نکالا گیا جہاں ایگزیکٹیو افسر کو اضافی بلوں سے متعلق میمورنڈم پیش کیاگیا اور مطالبہ کیاگیا کہ ٹنگمرگ اورکنزر میں صارفین کو اضافی بلیں روانہ کرنے کے بجائے حسب سابق بلیں جاری کی جائیں ۔احتجاجی لوگوں نے اضافی بلیں نا منظور کا نعرہ دیتے ہوئے کہا کہ یا تو حسب سابق بلیں روانہ کی جائیںورنہ کنکشن ہی کاٹ دئے جائیں ۔احتجاجی لوگوں نے ڈسڑکٹ ڈیولپمنٹ کونسلر میر تجمل اشفاق کی قیادت میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ سید الطاف حسین موسوی کوبھی یاداشت پیش کرتے ہوئے بجلی بلوں میں رعایت دینے کامطالبہ کیا ۔ایس ڈی ایم گلمرگ نے احتجاجی مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ عوامی شکایت کو اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لائیںگے جس پر مظاہرین نے اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے پرامن طور منتشر ہوگئے ۔