نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کا شاخسانہ سب ضلع ہسپتال منڈی کی عمارت بارش کی وجہ سے پانی پانی

عشرت حسین بٹ

منڈی//گزشتہ تین دنوں سے لگاتار اور شدید بارش کی اور بہتر نکاسی آب نظام نہ ہونے کی وجہ سے سب ضلع ہسپتال منڈی کی عمارت پانی پانی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پورے جموں و کشمیر کی طرح ضلع پونچھ میں بھی گزشتہ تین روز سے جہاں شدید بارش ہو رہی ہے وہیں ضلع کے سب ضلع ہسپتال منڈی میں بہتر نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا سارا پانی ہسپتال کی عمارت میں گھس آیا جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ بیماروں اور تیمارداروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔بتا دیں کہ پیر کو بعد دوپہر منڈی میں شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی وہیں سب ضلع ہسپتال منڈی میں بہتر نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا سارا پانی ہسپتال کی عمارت میں گھس گیا اور ہسپتال کی پوری عمارت پانی پانی ہو گئی ۔اس دوران عمارت کے تمام وارڈوں، لیبر رومز، او پی ڈی ،ہسپتال کے دفتری کمروں میں پانی گھس گیا جس کی وجہ سے ہسپتال کے ملازمین ،مریضوں اور تیمار داروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق متعلقہ عمارت میں حال ہی میں ٹائل کاکام کیا گیا اور نئی بنی عمارت کی چھتوں کے طرفین چھت نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی عمارت کے اندر آگیا۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں ہسپتال ملازمین نے وایپرز کے ذریعے عمارت سے پانی نکالنے کی کوشش کی مگر پانی اتنا زیادہ تھا کہ نکالنے میں ملازمین کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ جہاں پانی کی وجہ سے مریضوں اور تیمار داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہیں ہسپتال کے ڈاکٹروں سمیت تمام ملازموں کو بھی دقت اٹھانی پڑی ۔