نالہ کہمل پر پل کی عدم دستیابی پڈر گنڈ اور دہامہ کے عوام کو مشکلات کا سامنا

 اشرف چراغ

کپوارہ//نالہ کہمل پر پل کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقہ رامحال کے پڈر گنڈ اور دہامہ کے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ نالہ کہمل پر گوگلوسہ اور پڈر گنڈ کے درمیان لوگو ں نے ہلشری کرکے ایک لکڑی کا عارضی پل تعمیر کیا تاکہ لوگ گوگلوسہ پہنچ کر کپوارہ اور کرالہ پورہ پہنچ سکیں جبکہ یہا ں کے عوام کو سرینگر ،سوپور اور ہندوارہ پہنچنے میں کم وقت لگتا ہے ۔پڈر گنڈ کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ کئی بار انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ نالہ کہمل پر گوگلوسہ اور پڈر گنڈ کے درمیان ایک پختہ پل تعمیر کیا جائے تاکہ یہا ں کے لوگو ں کے مشکلات کا ازالہ ہو لیکن آج تک ان کی فریاد کسی نے نہیں سنی ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10برسوں میں لکڑی کے عارضی پل کو سیلاب نے کئی بار اپنے ساتھ بہا لیا اور لوگو ں نے اس عارضی پل کو کئی بار پھر تعمیر کیا لیکن اپریل میں تباہ کن سیلاب نے اس عارضی پل کو پھر نقصان سے دور چار کیا جس کے نتیجے میں لوگو ں کا عبور و مرور مشکل بن گیا ۔ بستی کے باشندوںکا کہنا ہے کہ اب ترہگام اور کپوارہ پہنچنے کیلئے بنگر گنڈ ترہگام پل ان کی واحد امید تھی لیکن یہ پل گزشتہ 10برسوں سے تشنہ تکمیل ہے ۔مقامی لوگو ں نے بتایا کہ پل کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ آج نالہ کہمل کے بیچ سے سفر کر کے گوگلوسہ پہنچ جاتے ہیں جہا ں وہ کپوارہ اور سرینگر کیلئے رخت سفر باندھتے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ جب نالہ کہمل کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے تو اس نالہ کو عبور کرنا مشکل بن جاتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ گوگلوسہ اور پڈر گنڈ کے درمیان نالہ کہمل پر ایک پختہ پل تعمیر کریں تاکہ عوام کو ہمیشہ کیلئے مشکلات سے چھٹکارا مل سکے ۔