میاں عبدالقیوم کی پولیس ریمانڈ میں توسیع

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں عبدالقیوم کی پولیس ریمانڈ میں پیر کو جموں کی ایک نامزد این آئی اے عدالت نے چھ دن کی توسیع کر دی۔ میاںقیوم کو 25 جون 2020 کوایڈوکیٹ بابر قادری کے قتل کی سازش میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔76 سالہ میاں قیوم کو پولیس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے اپنی تحویل میں لے لیا۔عدالتی کارروائی کے دوران جج نے نوٹ کیا کہ تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور کیس کی پیش رفت کیلئے ملزمان کا مزید ریمانڈ ضروری ہے۔فریقین کی گذارشات پر غور کرنے کے بعد، کیس ڈائری میں تازہ ترین اندراجات کا جائزہ لینے اور معاملے پر غور و فکر کرنے کے بعد، یہ محسوس کیا گیا کہ کیس کی تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔لہذا، پولیس کی تحویل میں اس کی مزید حراست ضروری ہے کیونکہ تفتیشی ایجنسی کو تفتیش میں مزید پیش رفت کیلئے ملزم سے تمام ممکنہ معلومات حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔ تیسرے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (TADA)POTA) جتندر سنگھ جموال نے اپنے دو صفحات کے آرڈر میں کہا۔