مودی راج میں ملک کی تصویربدلی:یوگی

 یواین آئی

امروہہ//اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت میں پورے ملک کی تصویر بدل چکی ہے۔امروہہ لوک سبھاحلقے کے سکھیڑا(ہاپوڑ) گاؤں میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں آج بیٹی اور کاروباری محفوظ ہیں۔سب کا ساتھ سب کا وکاس ہدف ہے۔ وکاس منھ دیکھ کر نہیں ہورہا ہے۔ ا س کا سہرہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور جنتا کو جاتا ہے۔لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو امروہہ میں ووٹنگ ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے تحت عوام کی ضروریات کے مطابق تیزی سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، 12 کروڑ غریبوں کے گھروں میں بیت الخلا، 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن، 60 کروڑ کی ہیلتھ انشورنس اسکیم اور50 کروڑ لوگوں کو جن دھن یوجنا کا فائدہ مل رہا ہے، اگلے پانچ سال تک مفت راشن دیا جائے گا۔اس طرح غریبوں کی فلاح و بہبود کے منصوبے چل رہے ہیں، بجلی کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ سابقہ حکومتوں کو اندھیرا اچھا لگتا تھا۔انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، اب کوئی بھی ہاپوڑ سے صرف پانچ گھنٹے میں پریاگ راج پہنچ سکتا ہے، نکسل ازم اور دہشت گردی ختم ہو چکی ہے، اتر پردیش سے فسادی ختم ہو چکے ہیں، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نیا ہندوستان دشمن کو گھر میں گھس کر مارتا ہے۔