منڈی میں مسلسل شدید بارشیں اور ژالہ باری عام زندگی مفلوج، بجلی نظام متاثر،فصلوں و میوہ جات کو نقصان

عشرت حسین بٹ

منڈی// پورے جموں و کشمیر کی طرح ضلع پونچھ میں بھی گزشتہ دو روز سے مسلسل شدید بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو گئی ہے وہیں سردی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ جہاں تحصیل منڈی میں سنیچر کو لگاتار بارش ہوئی وہیں ایتوار کو بھی بعد دوپہر شدید بارش ہوئی جبکہ تحصیل منڈی کے کئی علاقوں ژالہ باری کے ساتھ تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی ایک جگہوں پر لوگوں کے رہائشی مکانوں کی چھتیں اُڑنے کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ ژالہ باری وجہ سے لوگوں کی فصلوں اور میوہ جات کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچاہے۔نامساعد موسمی صورت حال کی وجہ سے تحصیل کا بجلی نظام بھی کافی حد تک متاثر ہوا۔ ادھر ساوجیاں اور لورن کے دور دراز علاقوں میں بارش کی وجہ سے بجلی کی مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ ان علاقوں کی عوام نے محکمہ بجلی کے افسران سے اپیل کی کہ بجلی کے بہتر نظام کے لیے وہ اپنے لائن مینوں کو میسر رکھیں تاکہ اس موسمی صورت حال میں عوام کو بہتر بجلی دستیاب ہو سکے۔ لورن علاقہ کے ولی محمد ڈار نامی ایک شخص نے بتایا کہ جو نہی موسم خراب ہوتا ہے یا بارش ہوتی ہے تو ان کے علاقے میں بجلی چلی جاتی ہے جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ خراب موسم کی صورت میں عوام کو بہتر بجلی سپلائی کریں۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں سے ہر ماہ پانچ سو سے زائد بجلی کے بل وصولے جاتے ہیں اور بجلی انہیں نہ کے برابر دی جاتی ہے۔