منڈی تا لورن سڑک کی حالت خستہ | شدید بارش کی وجہ سے11کلو میٹر سڑک ندی میں تبدیل

عشرت حسین بٹ

منڈی// ضلع پونچھ کی منڈی تحصیل صدر مقام سے لورن کی طرف جانے والی سڑک گزشتہ کافی سال سے خستہ حالت کی شکار ہے اور گزشتہ تین روز سے مسلسل بارش کی وجہ سے یہ سڑک ندی میں تبدیل ہو گئی ہے جس کی وجہ سے اس گیارہ کلو میٹر سڑک پر سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ بتا دیں کہ منڈی تا لورن گیارہ کلو میٹر سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں جن میں بارش کا پانی جمع ہوگیاہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو سڑک پر سفر کرنا مشکلات کا سبب بنا ہوا ہے۔ منڈی اور لورن کے بیچ پلیرہ علاقہ میں بازار کی خستہ حالت ہے جس کی وجہ سے بارش کا پانی دوکانوں کے اندر جاتا ہے اور دوکانوں میں رکھا ہوا مال و اسباب بھی خراب ہوجاتا ہے۔ سڑک کی خستہ حالت کے حوالے سے پلیرہ سے تعلق رکھنے والے مرتضیٰ خان نامی نوجوان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برس سے منڈی لورن سڑک کی حالت خستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیارہ کلو میٹر سڑک پر قریباً گیارہ ہزار سے زائد بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے اس سڑک پر سفر کرنے والی گاڑیوں کی حالت بھی خراب ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ اس سڑک پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سفر کرتے ہیں اور وہ زیادہ تر کمر درد کے مریض ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پلیرہ علاقہ میں محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے ایک دہائی قبل تارکول بچھایا گیا تھا جو بچھتے ہی سڑک سے اکھڑ گیا تھا اور اس بازار میں سڑک کی حالت اتنی خستہ ہےکہ جب بارش ہوتی ہے تو سڑک ندی میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی خستہ حالت کے حوالے سے متعدد بار پلیرہ، راجپورہ، براچھڑ ،لوہیل ،بیلہ اور لورن کی عوام نے انتظامیہ کو بتایا کہ سڑک کی اس ابتر حالت کو بہتر بنایا جائے مگر کافی وقت گزر جانے کے باوجود بھی سڑک کی حالت جوںُ کی توُں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ایک بار خود اس سڑک سے سفر اختیار کریں تاکہ انہیں اس سڑک پر روزانہ سفر کرنے والی عوام کی مشکلات کا پتہ چل سکے۔ منڈی تا لورن علاقہ جات میں رہنے والے لوگوں نے بھی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کی سڑک پر جلد تعمیر کا کام شروع کیا جائے تاکہ انہیں روزانہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔