منشیات فروشوں کی نقل و حرکت نظر رکھنے کیلئے جی پی ایس ٹریکنگ ٹیکنالوجی

سوپور کا سمگلر کوٹ بلوال منتقل،شوپیاں میں چھاپہ،چرس اور6لاکھ نقد بر آمد
سرینگر//بارہمولہ میں پولیس نے منشیات فروشوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے جدید ترین GPS ٹریکنگ ٹیکنالوجی کو اپنایا ہے۔ایک بیان میں پولیس نے کہاکہ معزز عدالت سے موصول ہونے والے حکم کی تعمیل میں، بارہمولہ پولیس نے بدھ کوپولیس تھانہ بارہمولہ کے ایکNDPS کیس میں ضمانت یافتہ منشیات فروش پر ایک GPS ٹریکنگ مشین نصب کی۔ ملزم کو منشیات کی برآمدگی کیساتھ گرفتار کیا گیا تھا اور حال ہی میں ضمانت پر رہا ہوا ہے۔ GPSملزم کی پازیب میں لگایاگیا اوراس کا استعمال منشیات فروش کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کیا جائے گا کہ وہ ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی نہ کرے۔دریں اثناء سوپور پولیس نے مجاز اتھارٹی سے باضابطہ حراست کا حکم ملنے کے بعد ایک بدنام زمانہ منشیات اسمگلر کے خلاف PIT-NDPS ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔سوپور پولیس نے ایک ڈرگ اسمگلر سہیل احمد زرگر بشیر احمد زرگر ساکن بہرام پورہ رفیع آباد کے خلاف PIT-NDPS کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اسے حراست میں لیکر جموں کی سینٹرل جیل کوٹ بلوال میں رکھا گیا ہے۔ادھرشوپیاں میں ایک منشیات فروش کے رہائشی مکان پر چھاپے کے دوران ممنوعہ مواد اور بھاری نقدی رقم بر آمد کی ہے ۔منشیات فروش کی شناخت فاروق احمد کوکہ ولد غلام حمد ساکن ملہورہ وچھی کے طور پر کی گئی ہے ۔چھاپے کے دوران 2 کلو 970 گرام چرس پاؤڈر جیسا ممنوعہ مواد اور6 لاکھ روپے نقد بر آمد کئے گئے ‘ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔