منشیات سمگلنگ تحقیقات بمنہ میں 1.5کروڑ روپے مالیت کا مکان ضبط

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کو کہا کہ اس نے سرینگر کے بمنہ علاقے میں واقع ایک مکان کو ضبط کیا ہے جس کی مالیت 1.5 کروڑ روپے ہے ۔ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو فنڈ دینے کے لیے استعمال کیے جانے والے منشیات کے مبینہ کاروبار سے منسلک منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے حصے کے طور پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)نے ایک بیان میں کہا کہ ملزم عبدالمومن پیر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔منی لانڈرنگ کا معاملہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)کی طرف سے پیر کے خلاف درج ایف آئی آر اور چارج شیٹ کا حصہ ہے۔پیر کو جموں و کشمیر پولیس نے ایک چوکی پر چیکنگ کے دوران چھ کلو ہیروئن اور 20 لاکھ روپے کی نقد رقم کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ مزید یہ کہ این آئی اے نے اس کے رشتہ داروں اور ساتھیوں سے 1.15 کروڑ روپے اور 15 کلو گرام ہیروئن بھی ضبط کی ہے۔ایجنسی نے الزام لگایا کہ پیر اپنے رشتہ داروں اسلام الحق پیر، سید افتخار اندرابی، سید سلیم اندرابی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی سرگرمیوں کو بڑھانے کے مقصد سے منشیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث تھے۔ جموں و کشمیر پولیس نے انہیں دو بار اسی طرح کے معاملات میں گرفتار کیا تھا۔بمنہ، سرینگر میں ایک رہائشی مکان کی نشاندہی منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والے جرائم کی آمدنی کے طور پر کی گئی تھی اور یہ جائیداد ان کی اہلیہ سید صدف اندرابی کے نام پر خریدی گئی تھی۔ایجنسی نے پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (PMLA) کے تحت مکان کو منسلک کرنے کا عارضی حکم جاری کیا۔