مغل شاہراہ سے پسیاں اور ملبہ ہٹانے کا عمل مکمل،درماندہ ٹریفک چلا | تازہ برفباری سے شاہراہ پھر بند موسم صاف رہا تو آج سے گاڑیوں کی آمدورفت ہوسکتی ہے:حکام

عشرت حسین بٹ

پونچھ//تاریخی مغل شاہراہ پر ایتوار کو حکام کی جانب سے ملبہ اور پسیاں ہٹانے کا کام جاری رہا اور اس دوران شاہراہ پر درماندہ گاڑیوں کو بھی نکال دیا گیا مگر تازہ برف باری کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر شاہراہ گاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے بند ہو گئی ۔حکام نے کہا کہ اگر آج موسم صاف رہا تو شاہراہ پر ٹریفک آمدو رفت ہو سکتی ہے۔ مغل شاہراہ پر تعینات انجینئر طاہر شخ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے شاہراہ پر متعد جگہوں پر بھاری پسیاں پڑی ہوئی تھیں اور ایتوار کو صبح سے ہی مکینیکل وینگ کی جانب سے مشینوں کے ذریعہ ملبے اور پسیوں کو صاف کرنے کا عمل جاری رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران شاہراہ پر درماندہ کچھ گاڑیوں کو بھی نکال دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ تازہ برف باری کے باعث ایک مرتبہ پھر شاہراہ کو ٹریفک آمد و رفت کے لیے بند کرنا پڑا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر آج موسم صاف رہتا ہے توشاہراہ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔ بتا دیں کہ مغل شاہراہ گزشتہ دو روز سے نامساعد موسمی صورت حال کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے بند ہے وہیں محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں تک بارش اور برف باری کی بھی پیشگوئی کی ہوئی ہے۔