مغل روڑ بحالی کے بعد دوبارہ بند|| سنتھن شاہراہ پھر بحال سونہ مرگ روڑ پر گاڑیاں بدستور درماندہ

 سمیت بھارگو+غلام نبی رینہ+ عاصف بٹ

راجوری+کنگن+کشتواڑ// سرکاری حکام نے اگلے اعلان تک مغل روڑ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔حکام نے بتایا کہ سڑک اتوار، پیر اور منگل سمیت تین دن تک بند رہی اور بدھ کی صبح اسے بحال کر دیا گیا۔تاہم سڑک کی خطرناک حالت ہے جس میں خاص طور پر پتھرا ئواور پھسلن والی صورتحال کو ٹریفک کی روانی کیلئے خطرناک سمجھا جا رہا ہے۔اس سے قبل یہ سڑک ہفتہ کے بعد سے تین دن تک بند رہی اور بدھ کو ہی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بحال کی گئی۔تاہم، سڑک ٹریفک کی ہموار روانی کے لیے خطرناک پائی گئی۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ، محمد فاروق خان نے بتایا کہ بدھ کے روز سڑک پر دونوں طرف سے چار سو سے زائد گاڑیاں چلی اور لوگوں نے اپنا سفر مکمل کیا، خاص طور پر وہ لوگ جو تین دن سے سڑک بند ہونے کی وجہ سے دونوں طرف پھنس گئے تھے۔ایس ڈی ایم نے مزید کہا کہ سڑک پر پھسلن کی حالت انتہائی خراب ہے،کچھ جگہوں پر باقاعدہ پتھرگرنے سے حادثات کا خطرہ بھی پیدا ہو رہا ہے جہاں برف کے تودے اور لینڈ سلائیڈنگ خطرے کو مزید بڑھا رہے ہیں۔مجسٹریٹ نے مزید بتایا کہ اگلے اطلاع تک سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت نہیں ہو گی اور دونوں اطراف سے ٹریفک بند رہے گی۔ادھرزوجیلا اور سونمرگ میں بارشیں اور تازہ برفباری کی وجہ سے سرینگر لیہہ شاہراہ پانچویں روز بھی آمدورفت کے لئے بند رہا جس کے باعث سونمرگ شاہراہ کے مختلف مقامات پر سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیاں درماندہ ہیں۔منگل کے روز موسم میں بہتری کے ساتھ ہی زوجیلا سے باڈر روڈ آرگنائزیشن نے برف اور پسیاں صاف کرنے کے لئے کام شروع کیا ۔ادھر وادی کشمیر کو خطہ چناب سے جوڑنے والی واحد کشتواڑ اننت ناگ قومی شاہراہ چار روز تک بند رہنے کے بعد دوبارہ یک طرفہ آمدرفت کیلے بحال کردی گئی۔ ایس ڈی ایم چھاترو کے مطابق کوکرناگ انتظامیہ کے ساتھ بات کر کے سڑک پر یکطرفہ آمدرفت کو بحال کردیاگیا ہے۔کشتواڑ سے اننت ناگ جانے والی گاڑیوں کو جمعرات، سنیچر ، سوموار اور بدھ کو سڑک پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ اننت ناگ سے کشتواڑ کی طرف آنے والی گاڑیوں کو جمعہ اتوار و منگل کو صبح دس بجے سے دوپہر دوبجے تک اجازت ہوگی۔