محکمہ تعلیم و دیگر محکموں میں تعینات تدریسی و غیر تدریسی عملے کی اٹیچمنٹ منسوخ

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر (ڈی ایس ای کے)نے پیر کو تمام تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی اٹیچمنٹ منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے جنہیں دیگر محکموں میں انتظامی کاموں کے لیے دفاتر میں تعینات کیا گیا ہے۔آرڈر میں کہا گیا ہے”یہ حکم دیا جاتا ہے کہ کشمیر ڈویژن کے محکمہ سکول ایجوکیشن کے تدریسی/غیر تدریسی عملے کو جنہیں وقتاً فوقتاً دیگر محکموں میں انتظامی کاموں کے لیے تعینات/ منسلک کیا گیا ہے، سوائے ان کے جو گجر بکروال/ پہاڑی ہاسٹلوں میں تعینات ہیں اور امرناتھ یاترا کی سہولت کے لیے ڈیوٹی پر ہیں،کو واپس بلایا جاتا ہے اور انہیں فوری طور پر اپنی اصل پوسٹنگ کی جگہ پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ اگر کوئی بھی ٹیچنگ/نان ٹیچنگ اہلکار اپنی اصل پوسٹنگ کی جگہ جوائن کرنے میں ناکام ہو جاتا ہے تو متعلقہ ڈی ڈی او ایسے نادہندہ افسروں/اہلکاروں کی تنخواہ کسی بھی حالت میں جاری نہیں کرے گا‘‘۔آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ “اس آرڈر کی کوئی بھی عدم تعمیل ڈیفالٹ کرنے والے افسر(افسروں ) اہلکار (اہلکاروں) کے خلاف تادیبی کارروائی کو مدعو کرے گی۔