محبوبہ ، میاں الطاف،ظفر منہاس نے نامزدگی فارم داخل کئے

 عارف بلوچ

اننت ناگ// اننت ناگ راجوری سیٹ کیلئے جمعرات سہ پہر تک کل 9امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔ نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف نے جمعرات کو پہلے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، سینئر کانگریس لیڈر جی اے میر اور دیگر سینئر لیڈران کے ساتھ تھے۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے میاں الطاف کو ’ انڈیا‘ اتحاد کا امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستانی اتحاد کی تمام جماعتوں کی نمائندگی کریں گے اورانہیں امید ہے کہ میاں الطاف جیت جائیں گے۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی پارٹی لیڈران و سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ نامزدگی پرچہ جمع کیا۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے پہلے موصوفہ نے بجبہاڑہ میں والد کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور زیارت بابا نصیب الدینؒ اور ریشی مول صاحبؒ کے مزاروں پر حاضری دی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ آج کا الیکشن بجلی پانی کے لئے نہیں بلکہ ہم پر مسلط ظلم کے خلاف ہے۔’اپنی پارٹی‘ کے ظفر منہاس نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کیا،انکے ہمراہ پارٹی کے سنیئر لیڈران و کارکنان بھی موجود تھے۔قابل ذکر ہے کہ اننت ناگ راجوری نشست کے لئے اب تک 3 آزادسمیت 9 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کئے ہیں ۔آج جمعہ کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔جن امیدواروں نے اب تک فارم بھر دیئے ہیں ان میں میاں الطاف احمد ، محبوبہ مفتی اور ظفر منہاس کے علاوہ، (جے کے این پی ایف) کے شیخ مظفر ساکن سندو اچھہ بل،آزاد امیدوار شیخ عمران ساکن شی ژن دیالگام،آزاد امید وار دلیپ کمار پنڈتا ساکن آکورہ مٹن حال جگتی کیمپ جموں، آزاد امیدوار سجاد احمد ڈار ساکن منزگام دمحال ہانجی پورہ،آزاد امیدوار گلشن اختر ساکن برینٹی بٹہ پورہ اور آل انڈیا فاروڑ بلاک کے چودھری جاوید احمد ساکن پونژھو شامل ہیں۔