لکھن پور سے گھپا تک 60ہزار فورسز تعینات شاہراہ پر ٹریفک کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی نصب

 یو این آئی

سرینگر/ /سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کیساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر لکھن پور سے امرناتھ گھپا تک اضافی پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔29 جون سے شروع ہونے والی یاترا کیلئے مرکزی اور یوٹی سطح پر تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ لکھن پور سے گھپا تک 60ہزار پیراملٹری فورسز کو تعینات کرنے کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے جن میں سی آ ر پی ایف، آئی ٹی بی پی، بی ایس ا یف ، ایس آئی ایف اور سی آئی ایس ایف کی کمپنیاں شامل ہیں ۔ یاترا روٹوں پر جگہ جگہ شارپ شوٹرس کو تعینات کیا گیا ہے۔ یاترا کے دوران پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر بھی ہائی الرٹ جاری کیا جائے گا تاکہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ادھر یاترا کے آغاز سے پہلے، یاتریوں اور باقاعدہ گاڑیوں کی ٹریفک کی نگرانی کے لیے جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر اعلیٰ درجے کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

 

محکمہ ٹریفک نے ادھم پور سے بانہال تک 360 ڈگری کے 10سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں، جب کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور مشکوک افراد کی شناخت کے لیے ہائی وے کے ساتھ 60 کیمرے لگائے ہیں۔ ایس ایس پی)ٹریفک نیشنل ہائی وے) روہت باسکوترا نے کہا، “ہم نے ٹریفک کی نگرانی کے لیے ادھم پور سے بانہال تک مختلف اہم مقامات پر 10 اعلی درجے کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ یہ کیمرے ادھم پور کے جکھانی علاقے، ڈلواس، خونی نالہ، مہاڑ، بیٹری چشمہ، نچلانہ، بانہال چوک، ٹنل-5، شالیگڑی اور کٹ پوائنٹ سمیت مقامات پر لگائے گئے ہیں۔باسکوترا نے کہا کہ رام بن میں چوبیس گھنٹے ٹریفک کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیمرے حکمت عملی کے ساتھ ایسے مقامات پر لگائے گئے ہیں جہاں ٹریفک کی صورتحال خاص طور پر پریشانی کا باعث ہے اور حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ٹریفک پولیس نے یاترا کے دوران ہائی وے پر ڈرائیوروں کے لیے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، جس میں لین ڈرائیونگ پر زور دیا گیا ہے اور ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے کی وارننگ دی گئی ہے۔ گاڑی کے خراب ہونے کی صورت میں تکنیکی مدد کے لیے رابطہ نمبر بھی فراہم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ہموار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے رام بن اور ادھم پور کی ٹریفک پولیس نے خصوصی تیاریاں کی ہیں، جو یاترا کے دوران ایک اہم چیلنج ہے۔