لوک سبھاانتخابات | 23ممالک کے مندوب مشاہدہ کریں گے

Voting concept in flat design. Hand putting voting paper in the ballot box.

عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر// انتخابی سالمیت اور شفافیت کی علامت کے طور پر، الیکشن کمیشن عالمی انتخابی انتظامی اداروں (ای ایم بی) کو ہندوستان میں جمہوری امتیاز کا مشاہدہ کرنے کی پیشکش کرنے کے ساتھ ملک میں اعلیٰ ترین معیار کے ساتھ عام انتخابات کرانے کے اپنے عزم کی مثال دیتا ہے۔ الیکشن کمیشن جاری لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوران انٹرنیشنل الیکشن وزیٹرس پروگرام (آئی ای وی پی) کی تنظیم کے ذریعے مسلسل بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔ شرکت کے پیمانے اور وسعت کے لحاظ سے، یہ اس طرح کا پہلا واقعہ ہوگا جس میں 23 ممالک یعنی – بھوٹان، منگولیا، آسٹریلیا، مڈغاسکر، فجی، کرغز جمہوریہ، روس، مالڈووا، تیونس، سیشلز، کمبوڈیا، نیپال، فلپائن، سری لنکا، زمبابوے، بنگلہ دیش، قازقستان، جارجیا، چلی، ازبکستان، مالدیپ، پاپوا نیو گنی اور نمیبیا کے انتخابی انتظامی اداروں (ای ایم بی) اور تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے 75 مندوبین شرکت کریں گے۔ اس میں انٹرنیشنل فاؤنڈیشن فار الیکٹورل سسٹمز (آئی ایف ای ایس) کے ارکان اور بھوٹان اور اسرائیل کی میڈیا ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔ چار مئی سے شروع ہونے والے اس پروگرام کا مقصد فارن مینجمنٹ باڈیز (ای ایم بی) کو ہندوستان کے انتخابی نظام کی باریکیوں کے ساتھ ساتھ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں انتخابات کے لیے اپنائے جانے والے بہترین طریقوں سے واقف کرانا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو 5 مئی 2024 کو ان غیر ملکی مندوبین سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد یہ نمائندے چھوٹے گروپوں میں چھ ریاستوں مہاراشٹر، گوا، گجرات، کرناٹک، مدھیہ پردیش اور اتر پردیش کا سفر کریں گے اور وہاں کے مختلف حلقوں میں ووٹنگ اور متعلقہ تیاریوں کا معائنہ کریں گے۔ یہ پروگرام 9 مئی 2024 کو ختم ہو گا۔