قاضی گنڈ اور کوٹرنکہ میں المناک حادثات | باپ بیٹے سمیت 3لقمہ اجل

عارف بلوچ +محمد بشارت

اننت ناگ+کوٹرنکہ// قاضی گنڈ کے لوور منڈا میں بی ٹاپ روڈ پر اتوار کی شام ایک کار کے سڑک سے پھسل کر کھائی میں گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق حادثہ کے وقت کار میں تین افراد سوار تھے۔انہوں نے بتایا کہ مبینہ طور پر ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا، جس کی وجہ سے گاڑی بی ٹاپ پر ایک کھائی میں گر گئی۔ انچارج پولیس پوسٹ جواہر ٹنل محمد یونس کی قیادت میں کولگام پولیس نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا لیکن حادثے میں ایک شخص لقمہ اجل اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ متوفی کی شناخت عمر گل (25) ولد گل محمد بٹ ساکن ہلر شاہ آباد کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ زخمیوں کی شناخت عادل احمد ایتو (26) ولد محمد شفیع اور ماجد احمد گنائی ولد بشیر احمد گنائی تمام ساکن ہلرشاہ آباد کے طور سے ہوئی ہے۔ پولیس چوکی جوہر ٹنل کے انچارج محمد یونس نے بتایا کہ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ادھر ضلع راجوری کے کوٹرنکہ میں ایک آلٹو کار حادثہ کا شکار ہونے سے باپ بیٹا لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ خاتون زخمی ہو گئی ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ کوٹرنکہ سے شاہپور سڑک پر لڑکوتی کے مقام پر ایک آلٹو کار زیر نمبر JK11A-6938 حادثہ کا شکار ہو گئی جس میں ڈرائیور سمیت تین لوگ سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں 2 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ خاتون زخمی ہو گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی خاتون کو مقامی لوگوں نے پولیس اور محکمہ صحت کے ملازمین کے ساتھ مل کر کمینوٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی کوٹرنکہ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اُس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے جی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا۔ حادثے میں محکمہ بجلی کی ونگ ایس ٹی ڈی میں بطور عارضی ملازم کام کرنے والا 40 سالہ محمد شکیل ولد غلام نبی ساکنہ موڑا کراگ اور اُن کا 18 سالہ بیٹا محمد مختار کی بھی موت واقع ہوگئی جبکہ شکیل کی اہلیہ شمیم اختر ، عمر 38 برس کو شدید چوٹیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ طبی و قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد لاشوں کے آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کر دیا۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔