فوجی کمانڈر نے ادھمپور میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا

 عظمیٰ نیوز سروس

اودھم پور// فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سوچندرا کمار نے اودھم پور ضلع میں مختلف فارمیشنوں کا دورہ کیا تاکہ خطے میں فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ بدھ کی شام مقامی فارمیشنوں کے ان کے دورے کا مقصد آئندہ امرناتھ یاترا اور جموں خطے کی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ان کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ شمالی کمان نے جمعرات کو ایکس پر پوسٹ میں کہا، “فوجی کمانڈر نے اودھم پور میں مقامی فوجی فارمیشنوں کا دورہ کیا تاکہ ان کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے”۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ لیفٹیننٹ جنرل کمار اس وقت جموں و کشمیر میں مختلف کور، ڈویژنوں اور فوجی فارمیشنوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ سیکورٹی کی صورتحال اور اندرونی علاقوں اور سرحدوں میں فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔