عالمی یوم ریڈ کراس کی مناسبت سے جموں اور چناب وادی میں کئی تقریبات منعقد اور ریلیاں بھی نکالی گئی ڈوڈہ میںمتعدد سر گرمیاں منعقد

عظمیٰ نیوز سروس

ڈوڈہ//ورلڈ ریڈ کراس ڈے کی تقریبات کے سلسلہ میں ڈوڈہ ضلع بھر میں ڈسٹرکٹ ریڈ کراس سوسائٹی کے زیراہتمام اور ڈپٹی کمشنر، ہرویندر سنگھ، جو ڈی آر سی ایس کے صدر بھی ہیں، کی نگرانی میں منعقد کی گئیں۔اس جشن کا مرکز ’انسانیت کو زندہ رکھیں‘کے تھیم پر تھا اور اس میں طلباء کی ایک میگا ریلی بھی شامل تھی جو ڈی سی آفس کمپلیکس سے شروع ہوئی۔ڈپٹی کمشنر نے دیگر ضلع افسران کے ہمراہ ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو کہ مرکزی بازار سے ہوتے ہوئے پرانے بس اسٹینڈ کی طرف روانہ ہوئی اور واپس نئے بس اسٹینڈ پہنچ کر یہاں کے گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول میں اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلباء شامل تھے، جنہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور ’ریڈ کراس زندہ باد‘ اور ’رخت دان مہا دان‘ جیسے نعرے لگائے تھے۔ڈسٹرکٹ ریڈ کراس سوسائٹی کی طرف سے نامزد کردہ چندہ باکس طلباء نے انسانی ہمدردی کے کاموں کے لئے عطیات جمع کرنے کیلئے اٹھائے تھے۔ تقریب کا اختتام ریڈ کراس کا جھنڈا لہرانے اور گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول میں ایک حلف نامے کی تقریب کے ساتھ ہوا، جس کے مہمان خصوصی اے ڈی سی سدرشن کمار اور دیگر ضلعی افسران نے سرگرمیوں کی قیادت کی۔مقابلہ جات کا سلسلہ جس میں ایک مباحثہ، ایک سمپوزیم، ایک پینٹنگ مقابلہ، اور ایک ثقافتی پروگرام بھی شامل تھا، جس میں طلباء کو انسانیت کی اہمیت پر توجہ دینے کی ترغیب دی گئی۔دریں اثناء بھدرواہ میں ایک بیداری بائیک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت اے ڈی سی سنیل کمار نے کی۔ پروگرام میں این جی اوز، این سی سی کیڈٹس اور مختلف اسکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔