صدر، وزیر اعظم اور راہل سمیت متعدد لیڈروں کی ٹیم انڈیا کو چیمپئن بننے پر مبارکباد ڈھول اور پٹاخوں سے ملک میں دیوالی جیسا ماحول

عظمیٰ سپورٹس ڈیسک

نئی دہلی//ہندوستان نے ٹی ٹوینٹی عالمی کپ کے فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ اس کے بعد ملک بھر میں جشن کا ماحول ہے۔ دہلی-این سی آر سمیت ملک کے ہر حصے میں جشن منایا جا رہا ہے۔ ہندوستان کی جیت کے بعد دیوالی جیسا ماحول ہے، لوگوں نے دیر رات تک سڑکوں پر جشن منایا ، کہیں ڈھول بجا رہے تھے تو کہیں پٹاخے چھوڑ تے نظر ئے۔یوپی کی راجدھانی لکھنؤ میں جشن کا ماحول رہا۔ خوشی سے بھرے لوگ اپنی گاڑیوں کے اوپر چڑھ گئے۔ لوگ گانوں کی دھنوں پر رقص کرتے نظر آئے۔ جبکہ کچھ نوجوان انوکھے انداز میں تیاری کرکے آئے۔آندھرا پردیش کے اننت پور میں بھی لوگوں نے ہندوستان کی جیت کا جشن منایا۔ لوگوں نے سڑکوں پر آتش بازی کی۔ لوگوں کو ہاتھوں میں ترنگا لے کر سڑکوں پر جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا۔ممبئی میں لوگوں نے خاص انداز میں ہندوستان کی جیت کا جشن منایا۔ لوگوں کو ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے دیکھا گیا جن کے ہاتھوں میں پوسٹر، بینرز اور شیلڈز تھیں۔ اس کے ساتھ لوگوں نے انڈیا انڈیا کے نعرے بھی لگائے۔ عام سے خاص تک ہر کوئی سڑکوں پر نکل آیا اور سوشل میڈیا کے اس دور میں تصویریں کچھ ہی دیر میں وائرل ہوگئیں۔ دہلی ہو یا ممبئی، حیدرآباد ہو یا چنئی۔ بڑے سے چھوٹے تک، بریلی سے لے کر دبئی تک، لوگوں نے سڑکوں پر پٹاخے بجا کر اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے ہندوستان کی جیت کا جشن منایا۔ کچھ ہی دیر میں ملک کے کونے کونے سے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔صدر دروپدی مرمو، پی ایم نریندر مودی سمیت ملک کے کئی لیڈروں نے ہندوستان کی شاندار جیت پر مبارکباد کے پیغامات جاری کیے ہیں۔ وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ چیمپیئنز! ہماری ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کو شاندار انداز میں لے کر آئی ہے۔ ہمیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم پر فخر ہے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا، “ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کتنی ناقابل یقین فتح اور کامیابی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا، “ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد۔ ہماری قوم کے لیے ایک قابل فخر لمحہ۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹیم انڈیا کی شاندار جیت پر کہا، “ٹیم انڈیا کو ورلڈ کپ کی شاندار جیت اور پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کے لیے مبارکباد۔سی ایم یوگی نے ایکس پر پوسٹ کرکے ٹیم انڈیا کو مبارکباد دی ہے۔کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے اور دیگر متعدد لیڈروں نے جیت کے لیے ٹیم انڈیا کو مبارکباد دی ہے۔