شوپیاں میں خاتون سمگلر کی جائیداد قرق ہندوار،شیری اور ترال میں7منشیات فروش پولیس کی گرفت میں

مشتاق الاسلام ،اشرف چراغ

پلوامہ /کپوارہ// شوپیاں میں پولیس نے ایک بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ پولیس نے شوپیاں کے اسٹیڈیم کالونی بٹہ پورہ سے تعلق رکھنے والی ماہ جبین بانو زوجہ فاروق احمد نجار کی دو منزلہ رہائشی مکان کی صورت میں قریب 25 لاکھ روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ رہائشی مکان شاملات زیر سروے نمبر 952/1 پر 6.5 مرلہ اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن شوپیاں میں ایف آئی آر زیر نمبر 21 /2024 درج ہے ۔انہوں نے کہا کہ شوپیاں پولیس کی طرف سے تحقیقات کے دوران اس جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے ۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی’۔ادھرہندوارہ میں پولیس نے3 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ ایس ایچ او پی ایس قلم آباد کی سربراہی میں تھانہ قلم آباد کی پولیس پارٹی نے چھوٹی پورہ کراسنگ پر گشت کے دوران دانش احمد ملہ ولد عبدل مجید ملہ ساکنہ بٹہ گنڈ، عاشق حسین ڈار ولد عبدالرشید ساکنہ وترگام اور نصیر احمد لون ولد عبدالرزاق ساکنہ ہدی پورہ کے قبضے سے چرس برآمد کی۔ اس نسبت ایف آئی آر نمبر 19/2024 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ادھر بکو ترال میں قائم پولیس چوکی پر ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا جس کی شناخت یاور احمد وگے ولد عبدالرشید وگے ساکن سئیموہ ترال کے طور پر کی گئی ہے۔ دوران تلاشی اس کے قبضے سے 20 گرام چرس برآمد ہوئی۔ تفتیش کے دوران محمد امین ڈار ولد غفار ڈار ساکنہ کیوی پورہ مرہامہ سنگم کو بھی پکڑا گیا اور تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 90 گرام بھنگ نما مادہ برآمد ہوا۔ادھردت پورہ اونتی پورہ میں قائم ایک چوکی پر غلام محمد بٹ ولد قادر ساکن ڈوگری پورہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1کلو 140گرام چرس پاؤڈر جیسی مادہ برآمد ہوئی۔ادھربارہمولہ میںپولیس اسٹیشن شیری کی ایک پولیس پارٹی نے عادل نذیر صوفی ولد نذیر احمد ساکنہ بنہ گام سلام آبادحال کنٹھ باغ بارہمولہ س کے قبضے سے 10 گرام ہیروئن برآمد کی ۔اسی مناسبت سے متعلقہ تھانوں میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔