شاہدرہ راجوری حملہ | مہلوک سرکاری ملازم ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سپرد خاک

سمت بھارگو

راجوری// ہزاروں لوگوں نے منگل کو جموں و کشمیر حکومت کے جونیئر اسسٹنٹ محمد رزاق کی آخری رسومات میں شرکت کی، جنہیں راجوری ضلع کے آبائی گاؤں شاہدرہ میں مشتبہ دہشت گردوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔متوفی، انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سکیم (آئی سی ڈی ایس) میں جونیئر اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہا تھااوراپنے بھائی کے ساتھ اپنے گھر میں موجود تھا، جوفوج کا ایک سپاہی ہے، جب مشتبہ دہشت گردوں نے گھر میں گھس کر دونوں بھائیوں پر فائرنگ کی۔فوجی جوان طارق حسین اگرچہ حملہ آور میں سے ایک کو دھکیلنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا اور اس کی ران میں معمولی چوٹ آئی لیکن محمد رزاق کے چہرے پر گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔منگل کو مرحوم کی آخری رسومات ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی گئیں جس میں ان کے ساتھیوں، رشتہ داروں، جاننے والوں، دوست واحباب، گاؤں والوں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ان کی نماز جنازہ گاؤں میں مذہبی رسومات کے مطابق ادا کی گئی جس کے بعد انہیں گاؤں کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔40سالہ رزاق کو اپنے والد کی موت کے بعد ہمدردی کی بنیاد پر محکمہ سماجی بہبود کے آئی سی ڈی ایس میں تعینات کیا گیا تھا جو 2004میں دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔رزاق نے اپنے پیچھے پانچ بچے چھوڑے ہیں جن میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے، بیوی، ایک بوڑھی ماں شامل ہے جبکہ اس کے چار دیگر بھائی ہیں جن میں سے دو عرب ممالک میں کام کرتے ہیں جبکہ ان کا ایک بھائی انڈین آرمی کا سپاہی ہے اور دوسراجل شکتی محکمہ میں انجینئر ہے۔ رزاق کے گھر والوں سے اس کی لاش کے پاس روتے ہوئے سوال کیا’’کیا قصور تھا اس کا؟‘‘ ۔رزاق کی والدہ، جو کہ 80سال کی ایک بوڑھی خاتون ہیں، نے اپنے بیٹے کے قتل کو انسانیت کا قتل قرار دیتے ہوئے حملہ آوروں سے ان کے بیٹے کی غلطی کے بارے میں پوچھا جس کی وجہ سے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

کنڈا ٹاپ، شاہدرہ کا چوہدری خاندان دوسری بار نشانہ بنایا
مقتول رزاق کے والد محمد اکبر کو بھی ملی ٹینٹوں نے 2004میں قتل کیاتھا
سمت بھارگو
راجوری// مرحوم محمد اکبر کاچودھری خاندان مشتبہ ملی ٹینٹوںکے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگ کے باعث دوسری بار سانحہ کا شکار ہوا ہے۔خاندان کے سربراہ محمد اکبر کو بیس سال قبل ملی ٹینٹوںکے ہاتھوں قتل کر دیا گیا تھا اور ان کے درمیانی بیٹے محمد رزاق کو پیر کے روز قتل کر دیا گیا ہےجس سے گاؤں اور پورے تھنہ منڈی سب ڈویژن میں کہرام مچ گیا ہے۔ اکبر کے بھائی محمد حسین (72سال) ولد صلاح محمد نے بتایا’’میرا بڑا بھائی محمد اکبر 2004 میں گاؤں کا نائب سرپنچ تھا جب اسے ملی ٹینٹوںنے اغوا کر کے بے دردی سے قتل کر دیا تھا‘‘۔انہوں نے کہا کہ میرے بھائی کی لاش اغوا کے چند دن بعد ملی تھی اور وہ (جسم) ٹوٹی پھوٹی حالت میں تھی۔حسین کا مزید کہنا تھا کہ اب ان کا بھتیجا، ان کے مرحوم بھائی کا بیٹا دہشت گردی کا شکار ہو چکا ہے۔حسین نے کہا’’ہم نے پہلے اپنے بھائی کو دہشت گردی کی کارروائی میں کھو دیا تھا اور اب اس کے بیٹے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا‘‘۔انہوںنے مزید کہا’’ہمارے خاندان کو دوہرے ضربوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس دوسرے دھچکے سے ہم بکھر گئے ہیں‘‘۔محمد حسین نے بتایا کہ ان کا بھتیجا محمد رزاق، جسے پیر کی شام مشتبہ ملی ٹینٹوںنے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، اپنے پیچھے دو بیٹے اور تین بیٹیاں چھوڑ گیا ہے اور وہ پورے گاؤں میں ایک نیک روح تھا اور مذہبی نوعیت کا تھا اور پانچ وقت کی نماز پڑھنے کے علاوہ رمضان کے روزے رکھتا تھا۔گاؤں کے بزرگ محمد اقبال، جو ایک مذہبی مبلغ بھی ہیں، نے کہا کہ یہ واقعہ انہیں 13مارچ 2004کا 20 سال پرانا دن یاد دلاتا ہے جب رزاق کے والد محمد اکبر کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔انکاکہناتھا”اکبر کو اغوا کیا گیا تھا اور اس کی لاش کو گندم کے کھیتوں میں دفن کر دیا گیا تھا اور اس کے ملنے اور برآمد ہونے سے پہلے اس پر گندم کے پودے بھی اگ گئے تھے‘‘۔نماز جنازہ کے دوران صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے گاؤں والوں نے اس علاقے میں کوپرا کی فوجی چوکی کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا جو 2010 تک وہاں کام کر رہی تھی لیکن اسے ہٹا دیا گیا تھا۔

’ حاضر سروس فوجی بھائی اصل نشانہ تھا‘
سمت بھارگو
راجوری//سیکورٹی فورسز اور انٹیلی جینس ایجنسیوں کا خیال ہے کہ فوج کی علاقائی فوج بٹالین کا حاضر سروس سپاہی مشتبہ ملی ٹینٹوں کا نشانہ بن سکتا تھا جنہوں نے راجوری کے شاہدرہ گاؤں میں ایک گھر میں گھس کر ایک سرکاری ملازم کو قتل کردیا۔متوفی محمد منظور آئی سی ڈی ایس میں جونیئر اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا اور گھر کے اندر اپنے چھوٹے بھائی طاہر کے ساتھ موجود تھا جوٹریٹوریل آرمی میں حاضر سروس سپاہی ہے۔اہل خانہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ دونوں بھائی اور کچھ خواتین اپنے گھر میں موجود تھے کہ دو مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے اور ان سے کہا کہ ان کے لیے کھانا تیار کریں۔انکاکہناتھا’’یہ وہ لمحہ تھا جب انہیں (خاندان کے افراد) نے پریشانی کا احساس کیا اور فوج میں خدمات انجام دینے والا بیٹا گھر سے کود پڑا”۔ لواحقین نے بتایا کہ مسلح افراد نے دوسرے بیٹے منظور پر فوراً گولی چلائی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔اہل خانہ نے مزید کہا’’مسلح افراد میں سے ایک نے ٹی اے سپاہی کا پیچھا کرنا شروع کیا اور کئی سو میٹر تک اس کا پیچھا کیا”۔ اہل خانہ نے مزید کہا کہ انہوں نے (مسلح افراد) بھاگتے ہوئے ٹی اے سپاہی پر اندھا دھند فائرنگ کی اور گولیوں کے نشانات حملے سے کئی سو میٹر کے فاصلے پر واقع مکان کی دیواروں پر دکھائی دے رہے ہیں۔دریں اثنا، سیکورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کا خیال ہے کہ حملہ ٹی اے سپاہی کو نشانہ بنانے کے مقصد سے ہوسکتا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا’’حالات بتاتے ہیں کہ یہ ایک منصوبہ بند حملہ ہو سکتا ہے اور ٹریٹوریل آرمی سپاہی کو نشانہ بنانا مقصودتھا”۔انکا کہناتھا کہ حملہ آوروں میں سے ایک نے طویل فاصلے تک ٹی اے سپاہی کا پیچھا کیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ا صل میں اس کا پیچھا کیا جا رہا تھا۔