سیکورٹی و انتظامات کا جائزہ لیفٹیننٹ گورنر کا بال تل بیس کیمپ کا دورہ

  فورسز اور دیگر متعلقین کو ایک دوسرے کیساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کی ہدایت

غلام نبی رینہ

کنگن/ /لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کوبالتل بیس کیمپ کا دورہ کرکے 29جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انتظامیہ،شرائین بورڈ ،پولیس، سکیورٹی فورسز اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کو بہتر سکیورٹی اور یاترا کے انتظام کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تال میل قائم رکھنے کی ہدایت دی۔

 

لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے سینئر افسران کے ساتھ محفوظ یاترا کیلئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے انتظامیہ، شرائن بورڈ، صحت اور ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں اور خدمات فراہم کرنے والوں کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے رہائش، خوراک، رابطہ، نقل و حمل، بجلی، پانی کی فراہمی، صفائی، آر ایف آئی ڈی کاونٹرز،صحت، فائر سروس گاڑیوںکی دستیابی ،ادویات، آکسیجن ،پارکنگ کی سہولیات، مواصلاتی و ہیلی خدمات، آئی ای سی سرگرمیاں اور رجسٹریشن سمیت سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام مطلوبہ سہولیات موجود ہیں اور امرناتھ کے عقیدت مندوں کے لئے بغیر کسی رکاوٹ کے خدمات کی توسیع کی جائے۔ انہوں نے خدمات فراہم کرنے والوں کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ آنے والے یاتریوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایک سو بستروں والا بالتل بیس کیمپ ہسپتال کا افتتاح کیا اور ہسپتال میں یاتریوں کے لئے بہتر طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر منوج نے انٹر نیشنل یوتھ ہوسٹل سونمرگ میں جے اینڈ کے بھارت اسکاوٹس اینڈ گائیڈز کے یونین ٹیریٹری سطح کے کیمپ سے خطاب کیا اور اس تحریک کو آنے والی نسلوں کے لئے طاقت اور لچک کا ایک طاقتور ذریعہ اور مجموعی طور پر معاشرے کے بہتر مستقبل قرار دیا۔