سیلابی ریلوں، پسیاں اور پتھر گرنے کا خدشہ ۔ 4سے 6جولائی تک شدید بارشوں کا امکان

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر // محکمہ موسمیات نے 4سے 6جولائی کے درمیان وادی کشمیر میں شدید بارشوںکی وجہ سے سیلابی ریلے، لینڈ سلائیڈنگ، نچلے علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بادل پھٹنے کی پیش گوئی کی ہے۔ادھر ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز شمال مغربی ہندوستان بشمول دہلی اور شمال مشرقی ریاستوں میں اگلے 4-5 دنوں کے دوران بھاری سے بہت بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگلے 3دن تک وادی کشمیر میں کوئی خاص موسمیاتی سرگرمی نہیں ہوگی اور درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔البتہ کچھ حصوں میں گرج چمک کیساتھ ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ جموں خطے میں رات کے دوران یا صبح کے وقت مون سون بارش ہوسکتی ہے۔اسکے علاوہ ادہم پور، کٹھوعہ،سانبہ اضلاع میںصبح و شام کبھی ہلکی بارش ہوگی۔پونچھ میں 55 فیصد، راجوری میں 45فیصد،کشتواڑ میں 40 فیصد اور ڈوڈہ میں 35فیصد کا اس طرح کا موسم ہونے کی امید ہے۔تاہم وادی کشمیر میں 5اور 6جولائی کو شدید بارش کا دورانیہ ہونے کا امکان ہے جس کے 60فیصد امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4اور 6جولائی کے درمیان کشتواڑ میںشدید بارشیں،سیلابی ریلے، پسیاں گرنے اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کے امکانات ہیں۔محکمہ نے کہا ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بنیادی طور پر شہری علاقوں میںبنیادی سہولیات میں مشکلات پیش ہونے کی توقع ہے۔