سیاحتی مقامات پر بھاری رش گرمی سے راحت پانے کیلئے سیاحوںکا تانتا بندھا رہتا ہے

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //وادی میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی سیاحتی مقامات پر لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے ۔ مقامی سیاحوںکے ساتھ ساتھ ملکی سیاح بھی کافی تعداد میں گلمرگ،سونہ مرگ، پہلگام اور دیگر جگہوں پر بڑی تعداد میں نظر آرہے ہیں جس سے سیاحتی شعبہ سے جڑے افراد مطمئن نظر آ رہے ہیں۔ مارچ اپریل میں اسی طرح لوگ باغ گل لالہ ، مغل باغات اور بادام واری میں جوق در جوق گھومنے آئے تھے ۔ وادی کے تمام سیاحتی مرکز پر امسال سیاحوںکا کافی رش ہے اور دن بھر مقامی و غیر مقامی سیاح قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو کر یہاں کی خوبصورتی کا لطف لیتے ہیں ۔ وادی کشمیر میں سیاحتی سرگرمیاں عروج پر ہیں اورسیاحوںکی بھاری آمد سے سیاحت سے وابستہ افراد میں خوشی کی لہر پائی جا رہی ہے ۔پہلگام میںسیاحوںکی بڑھتی تعداد سے سیاحت سے وابستہ افراد میں خوشی کی لہر پائی جا رہی ہے ۔حکام کے مطابق پہلگام میں رواں سال کے پہلے مہینے سے مئی تک تقریباً 4 لاکھ سیاحوں کی آمد ہوئی ہے جبکہ 108170مقامی سیاح بھی پہلگام سیر وتفریح کیلئے آئے ۔ ایسے میں توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ وقت میں سیاحوں کا یہ گراف مزید بڑھے گا ۔