سپورٹس سٹیڈیم بانہال میں بانہال کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح سٹیڈیم کو تمام بنیادی سہولیات اور ایک خوبصورت پارک سے آراستہ کیا جائیگا: ڈی ڈی سی کونسلر

 محمد تسکین

بانہال// بانہال کے سپورٹس سٹیڈیم میں جمعرات کے روز بانہال کرکٹ لیگ کا افتتاح کیا گیا اور ’بانہال کپ‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کے نام سے ضلع رام بن کی 64 ٹیموں پر مشتمل ٹونامنٹ کا پہلا میچ کھیلا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کا افتتاح ضلع ترقیاتی کونسل کے کونسلر بانہال اور سینئر کانگریس لیڈر امتیاز احمد کھانڈے کے ہاتھوں کیا گیا۔ اس موقع پر اس فوج کے افسروں کے علاوہ شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ بانہال کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ضلع رام بن کے علاقوں سے تعلق رکھنے والی 64 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کھیل کود سے محبت کرنے والے اور کھیل کود کو بڑھاوا دینے کیلئے کوشاں چند مقامی نوجوانوں نے کیا ہے جس میں الطاف وانی ، دلاور نبی اور بانہال کرکٹ لیگ کی انتظامیہ شامل ہے جبکہ اس ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی کلْہم نگرانی یوتھ سروسز کے فاروق احمد نائیک کر رہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں فوج نے ٹونامنٹ کیلئے بنیادی سہولیات فراہم رکھی ہیں جس میں کرسیاں ، ٹینٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ تیمور کرکٹ کلب گنڈ عدلکوٹ بانہال اور فیئرلیس فائٹرز کرکٹ کلب رامسو کے درمیان کھیلا گیا جس میں فئیر فائٹرز کرکٹ کلب نے تیمور کرکٹ کلب گنڈ عدلکوٹ بانہال کو 37 رنوں سے شکست دی۔ میچ میں بہترین کارکردگی کیلئے گلزار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا

 

۔ گلزار احمد نے 64 گیندوں میں 100 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو 146 رنز کا بڑا سکور کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ گلزار احمد کو۔مین آف ڈی میچ اور ایک ہزار روپئے جا نقد انعام دیا گیا۔جواب میں تیمور کرکٹ کلب کے سلمان نے 32 رنز اور مدثر وانی نے 19 رنز بنائے اور یہ ٹیم 109 رن ہی بنا سکی۔میچ شروع ہونے سے پہلے کے وہاں موجود شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں نے امتیاز احمد کھانڈے اور حکام سے بانہال قصبہ اور جموں سرینگر قومی شاہراہ سے قریب ایک کلومیٹر دور گگڑواہ بنکوٹ میں تعمیر کئے جارہے بانہال سپورٹس سٹیڈیم میں ٹیموں اور شائقین کیلئے بیٹھنے کے خاطر خواہ انتظامات کرنے ، بانہال سپورسٹیڈیم کو سڑک رابطے سے جوڑنے اور سٹیڈیم میں ریسٹ روم ، چینج روم ، باتھ روم اور واش روم پرمشتمل ایک کمپلیکس کی جلد از جلد تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس موقع پر ڈی ڈی سی کونسلر امتیاز احمد کھانڈے نے جموں و کشمیر سپورٹس کونسل اور ان کی کاوشوں سے تعمیر کئے جارہے سپورٹس سٹیڈیم بانہال میں اس دوسرے بڑے ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے آرگنائزینگ باڈی کو مبارکباد دی۔ کھانڈے نے کہا کہ اس سٹیڈیم پر ابھی بہت رقم خرچ کی جارہی ہے اور یہاں کھلاڑیوں اور شائقین کیلئے کیلئے تمام بنیادی سہولیات اور پولین کے علاوہ ایک خوبصورت پارک بھی تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا یہاں کھیل کود کے ہر شعبے میں نوجوانوں میں ہنر موجود ہے لیکن یہاں پر کھیل کے میدان نہ ہونے کی وجہ سے بچے اپنا لوہا منوا نہیں سکتے تھے لیکن اب لمبی جہدوجہد کے بعد موجودہ تعمیر کیا گیا ہے اور اسے بیٹھنے ، ٹہرنے ، پینے کے پانی ، سڑک ، لائٹس اور دیگر سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سٹیڈیم کو ہر لحاظ سے مکمل کرنا ان کا خواب ہے اور اس کیلئے وہ عوامی تعاون سے کامیابی حاصل کرینگے۔ انہوں نے بانہال کرکٹ لیگ کی آرگنائزنگ باڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کھیل شائق نوجوانوں کی مدد سے بانہال کے ہنر مند کھلاڑیوں کو اس سٹیڈیم میں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے فوج کی بارہ راشٹریہ رائفلز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ۔انہوں نے پچھلے سال اس سٹیڈیم پر پہلا ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا شرف حاصل کیا ہے اور فوج کھیل کود کو بڑھاوا دینے اور نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کیلئے بہترین کام کر رہی ہے۔