سعودی عرب کے شاہی محلات | سیاحوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ

یو این آئی

ریاض// سعودی عرب کے پر تعیش شاہی محلات کو ہوٹلوں میں تبدیل کر کے انہیں سیاحوں کیلئے کھولا جائے گا۔ سعودی عرب کے تین پُرتعیش محلات کو آئندہ سال تک ہوٹلوں میں تبدیل کر کے سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا اور یہ فیصلہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت مملکت میں سیاحت کو فروغ دینے کے اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2025 کی دوسری ششماہی میں کچھ شاہی محلات کو سیاحوں کے لیے ہوٹلوں کے طور پر کھولا جائے گا۔خیال رہے کہ سعودی عرب وژن 2030 کے اہداف کے تحت سالانہ 10 کروڑ سیاحوں کی آمد کا ہدف پور کرنیکے لیے کام کررہا ہے۔سعودی عرب کی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے مالک ‘بوتیک گروپ’ کے عہدیدار نے بتایا کہ جن محلات کو ہوٹلوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ان میں الحمرا پیلس، قصر احمر اور طویق محل شامل ہیں اور ان کے آئندہ سال 2025 کی دوسری ششماہی میں سیاحت کے لیے کھولے جانے کے امید ہے۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی لگژری ریزورٹس اور ہوٹلز سعودی عرب میں پرتعیش مہمان نوازی کے تجربے کو تقویت دینے کے لیے ایک نئے ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان کی تاریخی وثقافتی خصوصیات کو محفوظ رکھا جا رہا ہے۔سعودی عرب میں مہمان نوازی کے لیے سب سے اہم الحمرا پیلس میں 32 لگژری اپارٹمنٹس، 44 ولاز، ایک شاہی شاخ اور 5 پبلک ایریاز شامل ہیں۔