سرینگر سیمی رنگ روڈ پروجیکٹ کیلئے 5ہزار995کنال اراضی منتقل ۔7برس بعدوزیر اعظم پیکیج کے تحت منصوبہ دسمبر2025میں مکمل ہونے کا امکان

بلال فرقانی

سرینگر//سرینگر سیمی رنگ روڈ پروجیکٹ پر کام جاری ہے اور حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ دسمبر 2025تک تیار ہوگا۔اسکی پہلی ڈیڈلائن دسمبر2024مقرر کی گئی تھی۔وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت، نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے 2018 میں جموں اور کشمیرمیں بیک وقت ان نیم دائرہ نما سڑکوں پر کام شروع کیا تھا۔ اس پروجیکٹ کی سنگ بنیاد وزیر اعظم نے 2018 میں رکھی تھی۔ ابتدائی برسوں کے دوران اس کی تعمیر میں محدود پیش رفت ہوئی، تعمیر میں متعدد رکاوٹوں مسائل کو حل کر لیا گیا ، اوررنگ روڑ پر تیز رفتاری سے کام شروع کیا گیا۔یہ پروجیکٹ 1200کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہا ہے۔ابتدائی طور پر اس پروجیکٹ کی تعمیر رامکی انفراسٹرکچر لمیٹڈ کو سونپی گئی تھی، لیکن کمپنی کی جانب سے90فیصد اراضی کے حصول کی مانگ پورا کرنے میں انتظامی ناکامی نے اس میں تاخیر کی۔حکومت نے رامکی انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا اور دوبارہ بولی لگانے کے بعد، پروجیکٹ کو ’این کے سی‘پروجیکٹس لمیٹڈ کو 31 مئی 2021 کو الاٹ کیا گیا اور کمپنی نے مئی2021میں کام شروع کیا۔حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے کیلئے 42 کلومیٹر طویل روڑکے منصوبے کے لیے 590 ایکڑ سے زائد اراضی حاصل کی گئی ، جو پلوامہ اور گاندربل اضلاع کو بڈگام کے راستے پانپور، واتھورہ، بڈگام، دھرمنہ بڈگام اور نارہ بل کے ذریعے سری نگر کے مغربی مضافات میں جوڑے گی۔اس پروجیکٹ کو ابتدائی طور پر جون2024اور بعد میں دسمبر2024تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی ۔اس روڑ پر اب تک50فیصد کے قریب کام مکمل ہوا ہے۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اندریش کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پروجیکٹ پر کام کبھی نہیں رکا، لیکن کچھ کام جیسے کنکریٹ اور بٹومین کا کام کم درجہ حرارت میں نہیں کیا جا سکا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہے اور یہ دسمبر 2025تک مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا’’ عدالت میں6ماہ تک معاملہ التوا میںہونے کی وجہ سے تعمیراتی کام میں تاخیر ہوئی جبکہ نیشنل گرین ٹریبونل میں ،پولیوشن کے حوالے سے معاملہ التوا میں رہنے کی وجہ سے45دنوں تک کام کو روکنا پڑا‘‘۔کمار نے کہا کہ ابتدائی پیش رفت کے باوجود خراب موسم کی وجہ سے بھی کام میں تاخیر ہوئی ، تاہم زیر زمین کام مکمل ہوچکا ہے،اور اب باقی تعمیراتی کام میں وقت نہیں لگے گا۔پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ اس سڑک کیلئے42 کلومیٹر میں سے 37 کلو میٹرصرف بڈگام میں ہیں۔انکا کہنا تھا’’ہمارا کام پلوامہ کے گالندر پانپورسے شروع ہوا اور سمبل بانڈی پورہ میں ختم ہوگا‘‘۔ اس منصوبے میںدو مرحلوں میں4 60.8کلومیٹر طویل چار لین سیمی رنگ روڈ کی تعمیر شامل ہے۔ پہلے مرحلے میں گالندر سے ناربل تک 42 کلومیٹر حصے کی تعمیر ہے، جو بانڈی پورہ ضلع کے سمبل علاقے کو پانپورکے کے گالندر علاقے سے جوڑے گی،جبکہ دوسرے مرحلے میں ناربل سے گاندربل تک 18.84 کلومیٹر اضافی چار لین سڑک کی تعمیر شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا’’منصوبے کی تعمیر میں سڑک کے حصے کے ساتھ ساتھ 400 ڈھانچے بشمول پل بھی شامل ہیں، اور ان میں سے زیادہ تر پر کام جاری ہے۔ پانپور،گاندربل نیم دائرہ نما سڑک میں5 ہزار995کنال اراضی منتقل کئی گئی ہے،جس میں سے4 ہزار730کنال زرعی اراضی ہے۔