سرنکوٹ میں مختلف مقامات پر زمین کھسکنے سے نقصانات قبرستان،مساجد،مکانات اور دوکان زد میں آئے،لوگ پریشان

بختیار کاظمی

سرنکوٹ// گزشتہ روز ہوئی بارشوں سے کئی علاقوں میں پسیاں گرنے کی وجہ سے نقصانات ہوئے ہیں۔ سب ضلع سرنکوٹ میں جموں پونچھ قومی شاہراہ پر لسانہ لور وارڈ نمبر 7محلہ قریشیاں میں بڑی پسی گرنے سے ایک قبرستان کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک کٹائی کی وجہ سے 150سال پرانا قبرستان مکمل طور پر تباہ ہو گیااوراگر معمولی برسات ہوتی ہے تو قبریں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو جائیں گی۔ وہیں سرنکوٹ سموٹ کے محلہ سیداں میں دو مکانات و قبرستان کو نقصان پہنچاہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے دوران متعلقہ کمپنی نے ملبے کو ڈمپ کیا تھا جس سے لگ بھگ پانچ کنال کے قریب اراضی دھنس گئی ہے اور دو مکانوں میں بڑی دراڑیں پڑی ہیں۔مالک مکان نے کہا کہ انکا اب گھر میں رہنا بھی غیر محفوظ لگ رہا ہے۔ ادھر سرنکوٹ کے علاقہ پھاگلہ کےوارڈ نمبر 2 میں بفلیاز پھاگلہ منڈی سی آر ایف روڈ پر پسی گری جس کی زد میں ایک قبرستان، ایک مسجد اور دس کے قریب مکانات آئے جنھیں نقصان پہنچا ہے۔ مقامی مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سڑک پر لگایا حفاظتی ڈنگا غیر معیاری طریقے سے تعمیر کیا گیا تھا جسکی وجہ سے لوگوں کا نقصان ہو چکا ہے۔ انھوں نے مانگ کرتے ہوہے کہا کہ مذکورہ علاقہ جات میں مزید پسیاں گرنے کا اندیشہ ہے، تعمیراتی ایجنسیوں کو چاہئے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور لوگوں کے نقصان کا تخمینہ لگا کر انہیں معاوضہ فراہم کیا جائے۔