ساوجیاں گنتڑ کافٹ برج خستہ حالی کا شکار انتظامیہ سے پلُ کی مرمت کرنے کی عوامی اپیل

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کے گنتڑکے مقام پر بنا عارضی پلُ خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے ۔بتا دیں کہ یہ پلُ سرحدی علاقہ گنتڑ ،چاپڑیاں اور لڑی بانڈی علاقہ کی عوام کو ساوجیاں منڈی کے ساتھ جوڑنے کا کام کرتا ہے جس کی حالت اتنی خستہ ہے کہ اس پلُ سے تین یا چار افراد اکٹھا ہو کر نہیں گزر سکتے ہیں اور اس پلُ سے روزانہ درجنوں کی تعداد میں لوگ اپنی جان ہتھیلی پر لے کر گزرتے ہیں ۔ساوجیاں گنتڑ علاقہ سے تعلق رکھنے والے طاہر محمود اور اشتیاق احمد نامی نوجوان نے کہا کہ اس پلُ کو سرکار کی جانب سے لگ بھگ دس برس قبل تعمیر کیا گیا تھا اور گنتڑ لڑی بانڈی اور چاپڑیاں کی عوام نے راحت کی سانس لی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل عوام کو تقریباًپانچ کلو میٹر پیدل سفر کر کے ساوجیاں منڈی یا اپنے گھروں کو جانا پڑتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں سے قبل بھی اگر چہ اس فٹ برج کی حالت ایسی ہی تھی مگر شدید بارش نے اس پلُ کی حالت اتنی ابتر کر دی کہ اب اس پلُ سے گزرنا وبال بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلُ کے دونوں اطراف کے ستون پچاس فی صد سے زیادہ ٹوٹ چکے ہیں اور یہ زمین سے تیس فٹ کی اونچائی پر تعمیر کیا گیا ہے جبکہ اس پل کے نیچے سے ساوجیاں کا دریا گزرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پلُ کے بیچ میں جو مٹیریل لگا ہوا ہے وہ بھی کافی حد تک بوسیدہ ہو چکا ہے۔ لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس خود اس علاقے کا دورہ کر کے پلُ کی خستہ حالت دیکھ کر پلُ کی مرمت کروانے کے احکامات صادر کریں تاکہ ان علاقوں سے جڑے لوگوں اور روزانہ اس پلُ سے گزرنے والوں کی جان اور مال کا تحفظ ہو سکے۔