سانبہ میں بدنام زمانہ مجرم پر سیفٹی ایکٹ عائد

عظمیٰ نیوز سروس

جموں// سانبہ ضلع میں بدھ کو ایک بدنام زمانہ مجرم کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کرکے حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ مجرم کو جموں و کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لے کر جیل میں بند کیا گیا ہے تاکہ ضلع میں مجرمانہ سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔ جموں ضلع کی تحصیل آر ایس پورہ کے چوہالہ کوٹھے کا بدنام زمانہ مجرم شیو دیال عرف سنی اس وقت وارڈ نمبر 6، تیلی بستی، باری برہمنہ، ضلع سانبہ میں مقیم تھا اور اس کے خلاف مختلف پولیس تھانوں میں کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس کی مجرمانہ سرگرمیوں سے عوامی امن و سکون کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔ مجرمانہ سرگرمیوں میں اس کی بار بار شمولیت کے بعد، ایس ایس پی سانبہ کے تیار کردہ تفصیلی ڈوزیئر کی بنیاد پر ضلع مجسٹریٹ سانبہ کے ذریعہ نظر بندی کا حکم جاری کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایس ایچ او پی ایس باری برہمناں سمت شرما کی قیادت میں پولیس ٹیم نے وارنٹ پر کامیابی سے عمل درآمد کیا، بدنام زمانہ مجرم کو حراست میں لیا اور کٹھوعہ ڈسٹرکٹ جیل میں بند کر دیا۔