زیڈ ای او منڈی اور زیڈ ای پی او منڈی کی اسامیاں6ماہ سے خالی انتخابات کے بعد پرُ ہونے کی امید :سی ای او پونچھ

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کے تعلیمی وزن منڈی میں زیڈ ای او اور زیڈ ای پی اور کی اسامیاں گزشتہ چھ ماہ سے خالی پڑی ہیں جس کی وجہ سے اس تعلیمی زون میں اپنی خدمات انجام دے رہے اساتذہ کے ساتھ ساتھ دفتری ملازموں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق زیڈ ای او منڈی کو سرکار کی جانب سے رواں سال کے جنوری میں منڈی سے تبدیل کر کے ضلع راجوری کے کوٹرنکا تعلیمی زون میں تعینات کیا گیا تھا جبکہ زیڈ ای پی او منڈی دسمبر سال 2023میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے ۔اس کے بعد سرکار کی جانب سے ان دونوں اہم اسامیوں پر منڈی میں کسی بھی آفسر کو تعینات نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اساتذہ کے ساتھ ساتھ عوامی دفتری معاملات گزشتہ چھ ماہ سے کافی حد تک رکے پڑے ہوئے ہیں ۔اگرچہ زیڈ ای او منڈی کا کام کاج چلانے کے لیے سرکار کی جانب سے پرنسپل ہائر سکنڈری سکول لورن کو چارج دیا گیا ہے مگر وہ دفتری اوقات میں اساتذہ کو زیادہ تر میسر نہیں رہتے کیونکہ ان پر ایک تو اپنے سکول کی ذمہ داری ہے اور وہ دوسری جانب سے منڈی کے ایک کلسٹر کے بھی ذمہ دار ہیں جس کے تحت متعدد تعلیمی ادارے پڑتے ہیں۔ متعدد اساتذہ نے اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ کو کہا کہ زونل ایجوکیشنل آفسر اور زیڈ ای پی او نہ ہونے کی وجہ سے انہیں گزشتہ چھ ماہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ منڈی تعلیمی وزن میں دونوں افسران کی اسامیوں کو پرُ کیا جائے تاکہ ان کے اور دفتر کے دیگر رکے پڑے ہوئے کام ہو سکیں ۔رابطہ کرنے پر چیف ایجوکیشن آفسر پونچھ بشمبر داس نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں منڈی تعلیمی زون میں زیڈ ای او اور زیڈ ای پی او کی اسامیاں خالی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ بھی نہیں بتایا جاسکتا ہے کیونکہ انتخابات چل رہے ہیں اور ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ لگا ہے جس کے بعد ہی ان اسامیوں کو محکمہ کی جانب سے پُر کیا جائے گا۔