زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی کا مختلف سکولوں کا اچانک دورہ غیر اطمینان بخش کارکردگی والے اساتذہ کیخلاف تادیبی کارروائی کا انتباہ دیا

 عظمیٰ نیوز سروس

تھنہ منڈی// زونل ایجو کیشن آفیسر تھنہ منڈی نے جمعرات کے روز تھنہ منڈی کے مختلف سکولوں کا اچانک دورہ کر کے وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے سکول کے انفراسٹرکچر اور دیگر ضروری سامان کا بھی معائنہ کیا اور اساتذہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ کوئی بھی استاد ان دنوں سکول سے غیر حاضر نہ رہے تاکہ بچوں کا نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ناقص تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ سے فوری وضاحت طلب کی جائے گی اور قصور وار اساتذہ کے خلاف سخت کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تدریسی و غیر تدریسی عملے کی حاضری کا معائنہ کیا وہیں انہوں نے سکولوں میں تدریسی عملے کی تعلیمی کارکردگی کا بھی بخوبی جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران تدریسی اور غیر تدریسی سرگرمیوں میں ناقص کارکردگی کو بھی نوٹس میں لایا گیا اور متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس کمی کو فوری طور پر پورا کریں۔ سکولوں کے کچھ سربراہان انتظامی امور میں ناقص پائے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ اسکول سے متعلق ضروری کمیوں کو جلد از جلد پورا کرنے کی کوشش کریں اور اپنے فرائض میں غفلت برتنے پر اپنی پوزیشنوں کی وضاحت بھی کریں۔وزٹنگ آفیسر نے کہا کہ سکولوں میں وقت کی پابندی اور معیاری تعلیم اور انفراسٹرکچر کو برقرار رکھنے کے لئے اچانک معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران / ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے گی کیونکہ تعلیم میں نظم وضبط کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے گورنمنٹ سکولوں کے ساتھ نجی سکولوں کا بھی دورہ کیا اورانہیں گورنمنٹ کی جاری کردہ ہدایت پہ سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دی۔