راجوری ۔ بفلیاز مغل شاہراہ پچھلے چار سال سے تشنہ تکمیل عوام کو شدید مشکلات کا سامنا،لیفٹیننٹ گورنر سے مداخلت کی اپیل

OLYMPUS DIGITAL CAMERA

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی // تاریخی مغل شاہراہ کی تعمیر و توسیع کا کام اج سے تقریبا چار سال پہلے دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کی جانب سے شروع کیا گیا تھا۔ ایجنسی کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ اس سڑک کی تعمیر کو تقریبا دو سال کے عرصے میں مکمل کر دیا جائے گا۔ لیکن بدقسمتی سے یہ سڑک گزشتہ چار سالوں سے تشنہ تکمیل ہے جس کی وجہ سے یہاں کے مقامی لوگوں راہگیروں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سڑک کی تعمیر کرنے والی تعمیراتی ایجنسی دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی سڑک کا کام ادھورا چھوڑ کر کہیں فرار ہو چکی ہے۔ لوگوں کی زمینیں کاٹ کر تباہ کر دی گئی ہیں اور سڑک جگہ جگہ سے تشنہ تکمیل ہے۔ مکینوں نے بتایا کہ اگرچہ اس سڑک کا کام راجوری سے دیرہ کی گلی تک بھی مکمل نہیں ہو سکا تاہم دیرہ کی گلی سے بفلیاز تک اس سڑک کی انتہائی خستہ حالت ہے جس کی وجہ سے یہاں آئے روز درجنوں گاڑیاں پھنسی رہتی ہیں اور جام جیسی صورتحال بنی رہتی ہے۔ واضح رہے کہ دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی آئے دن اپنی نا اہلی کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہے۔ دہرہ گلی-بفلیاز کے درمیان گھنٹے جنگلات کے لیے مشہور مقام دناڑھ میں مغل روڈ کی توسیع اور تعمیر نو کے لیے بھاری کٹائی دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے اس علاقے کو ٹریفک کی امد و رفت کے لیے بدترین علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ اور دناڑھ میں بدترین ٹریفک جام کی صورت حال بنی رہتی ہے۔ جس کی وجہ سے مسافروں، ڈرائیوروں اور دوسرے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق دناڑھ کے مقام پر مغل شاہراہ پر تباہ حال سڑک کی وجہ سے کئی کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہتا ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔ اس موقع پر لوگوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا 400 کروڑ سے زیادہ رقم کو اس سڑک کی تعمیر پر خرچ کیا جانا تھا لیکن بدقسمتی سے تھنہ بفلیاز شوپیان کہلانے والی یہ عظیم سڑک آج تک تشنہ تکمیل ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بی ار او اور دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور نااہلی کی وجہ سے یہ سڑک آج تک تعمیر نہیں ہو سکی انہوں نے انتظامیہ پر بھی سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ بھی لوگوں کی زندگیوں سے کھلا کھلواڑ کرنے میں برابر کی شریک ہے۔ اس موقع پر مسافروں اور گاڑی چالکوں کا کہنا تھا کہ دھرم راج تعمیراتی کمپنی کے غیر سنجیدہ اقدامات کی وجہ سے یہ سڑک مسافروں خاص کر ملازمین ، بیماروں اور طلبہ کے لئے مکمل طور پر پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے لیکن کسی کو کوئی پرواہ نہیں۔ انھوں نے یو ٹی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرے تاکہ اس سڑک کی تعمیر کا متبادل حل تلاش کیا جا سکے اور لوگوں کو مزید پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔