خطہ پیر پنچال میں موسلا دھار بارشوں سے عام زندگی مفلوج،سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل مینڈھر میںبرساتی پانی دکانوں میں داخل،نالوں میںطغیانی جیسی صورتحال،بجلی نظام درہم برہم ،عوام کو مشکلات کا سامنا

جاوید اقبال +عظمیٰ یاسمین +حسین محتشم+بختیار کاظمی

راجوری+پونچھ//پیر پنجال خطہ میں پیر کو دن بھر کی موسلادھار بارش نے معمول کی زندگی کو درہم برہم کر دیا اور پونچھ ضلع کے مینڈھر قصبے کے تاجروں کو ان کی دکانوں میں بارش کا پانی داخل ہونے کے بعد شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اتوار اور پیر کی درمیانی رات سے شروع ہونے والی بارش اور پیر کی دیر شام تک جاری رہی اور پیر کی دوپہر کو چار گھنٹے سے زیادہ موسلادھار بارش ہوئی۔بارش کی وجہ سے لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی کیوں کہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت کم رہی۔مینڈھر قصبے میں بارش نے تاجروں کے لیے بڑے پیمانے پر مسائل پیدا کیے کیونکہ نکاسی کا مناسب نظام نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی بہہ رہا ہے۔خطہ پیر پنچال کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ لوگ ایک مرتبہ پھر گرم ملبوسات زیب تن کرنے پر مجبور ہو کر رہ گئے ہیں۔
مینڈھر
مینڈھر قصبہ میںپیر کے روز شام کو زور دار بارش کے بعد پانی سڑکوں کے اوپر آ گیا جس سے کئی دوکانوں کے اندر پانی چلا گیا جس کی وجہ سے دوکاندار طبقہ کا نقصان بھی ہوا ہے۔ دوکاندار طبقہ نے محکمہ دیہی ترقی کے آفیسران کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بازار کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتا ہے۔ دوکاندار طبقہ کا کہنا ہے کہ بار بار ہم نے سرکار سے اپیل کی کہ مینڈھر قصبہ کو میونسپلٹی کا درجہ دیا جاے تاکہ بازار کی حالت ٹھیک ہو سکے لیکن کئی سال گزر جانے کے بعد بھی میونسپلٹی کا درجہ مینڈھر قصبہ کو نہیں دیا گیا۔ اُنکا کہنا تھا کہ چھوٹے چھوٹے قصبوں کو اگر میونسپلٹی کا درجہ ملا ہوا ہے تو پھر مینڈھر قصبہ کو کیوں نہیں ۔مینڈھر قصبہ کے اندر بسنے والے لوگوں نے انتظامیہ سے ایپل کی کہ مینڈھر قصبہ کو میونسپلٹی کا درجہ دیا جاے تاکہ بازار کی حالت ٹھیک ہو سکے ۔ادھرطوفانی بارش سے دریا میں پانی آنے سے کئ گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمد و رفت بند رہی جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک عام لوگ پھنسے رہے۔ کئی گھنٹوں کے بعد جب پانی کم ہوا تو گاڑیوں کی آمد و رفت بحال ہوئی۔
تھنہ منڈی
سوموار کو ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں تھنہ منڈی بازار میں چاروں طرف سڑکوں پر پانی بھر گیا جس کی وجہ سے عام راہگیروں اور دکانداروں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تھنہ منڈی تحصیل انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے تاکہ نامساعد موسمی حالات میں انہیں کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پونچھ
سرحدی ضلع پونچھ میں لگاتار ہورہی بارشوں کی وجہ سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔اس دوران جہاں مختلف پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہے وہیں شہر خاص پونچھ میں بارش کی وجہ سے مختلف علاقوں بشمول بچتر نگر، کھوڑی ناڑ ، اعلی پیر ، ریڈیو اسٹیشن، پرانی پونچھ ، بس اڈہ محلہ شنکر نگر، محلہ آزاد ،محلہ ڈونگس، محلہ کامسر سمیت متعدد علاقوں میں تیزبارش کی وجہ سے نالیوں کا پانی سڑکوں پر بہنے لگا جس کے ساتھ نالیوں کی گندگی بھی سڑکوں پر آگئی اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔تیز بارش کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں شدید مشکلات پیش آئیں جس کی وجہ سے دفاتر اور اپنے کاموں سے آنے جانے والے افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔لگاتار ہو رہی بارشوں کی وجہ سے شہر میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔پیر کے روز پورے دن بارشیں ہوتی رہی۔
سرنکوٹ
سرنکوٹ تحصیل میںموسلادھار بارش کی وجہ سے کئی ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔کئی جگوں پر سڑکوں پر پسیاں گری ہیں۔اسی کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر بجلی نظام بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ۔پیر کے روز موسم کچھ دیر تک ٹھیک رہا لیکن بعد دوپہر موسم نے پھر کروٹ بدلی اور تیزبارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کی وجہ سے کئی مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال دیکھی گئی جبکہ بازار میں بھی سناٹا چھا گیا اور عام زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ سرنکوٹ قصبہ میں بھی نالوں کے پانی کی وجہ سے گلی کوچوں میں راستہ عبور کرنے میں دشواری پیش آئی۔
نوشہرہ
نوشہرہ میں گزشتہ تین روز سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے اور سردی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ مسلسل بارش گندم کی فصل کے لیے اچھی نہیں ہے۔